لاہور کی انسداد دہشت گردی عدالت نے 9 مئی کو تھانہ شادمان جلاؤ گھیراؤ کے مقدمے میں رہنما پاکستان تحریک انصاف صنم جاوید، عالیہ حمزہ سمیت دیگر کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 مئی تک توسیع کردی۔

ڈان نیوز کے مطابق انسدادِ دہشت گردی عدالت کے جج ارشد جاوید نے کیس کی سماعت کی۔

جوڈیشل ریمانڈ مکمل ہونے پر عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کو عدالت میں پیش کیا گیا، بعد ازاں عدالت نے گرفتار ملزمان کے جوڈیشل ریمانڈ میں 15 مئی تک توسیع کردی۔

واضح رہے کہ ان کے خلاف تھانہ شادمان پولیس نے مقدمہ درج رکھا ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ برس 9 مئی کو القادر ٹرسٹ کیس میں عمران خان کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے احاطے سے گرفتاری کے بعد پی ٹی آئی کی طرف سے ملک گیر احتجاج کیا گیا تھا جس کے دوران لاہور کے علاقے ماڈل ٹاؤن میں 9 مئی کو مسلم لیگ (ن) کے دفتر کو جلانے کے علاوہ فوجی، سول اور نجی تنصیبات کو نذر آتش کیا گیا، سرکاری و نجی املاک کو شدید نقصان پہنچایا گیا تھا جب کہ اس دوران کم از کم 8 افراد ہلاک اور 290 زخمی ہوئے تھے۔

مظاہرین نے لاہور میں کور کمانڈر کی رہائش گاہ پر بھی دھاوا بول دیا تھا جسے جناح ہاؤس بھی کہا جاتا ہے اور راولپنڈی میں واقع جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو)کا ایک گیٹ بھی توڑ دیا تھا۔

اس کے بعد ملک بھر میں قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ لڑائی، توڑ پھوڑ اور جلاؤ گھیراؤ میں ملوث 1900 افراد کو گرفتار کر لیا گیا تھا جب کہ عمران خان اور ان کی پارٹی رہنماؤں اور کارکنان کے خلاف مقدمات بھی درج کیے گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں