گلوکار ابرارالحق نے خود پر تنقید کرنے والی اداکارہ مشی خان کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ عین ممکن ہے کہ بولی وڈ میں کام کی پیش کش ملنے پر مشی خان خوشی سے ہی فوت ہوجاتیں۔

ابرارالحق نے یوٹیوب پر ویڈیو پر جاری کردہ ویڈیو میں بتایا کہ انہوں نے حال ہی میں ایک انٹرویو میں جب بتایا کہ انہیں ماضی میں بولی وڈ میں کترینہ کیف کے ساتھ کام کی پیش کش ہوئی تھی لیکن انہوں نے آفر مسترد کردی تو لوگوں نے ان کا بڑا مذاق اڑایا۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ ان کی بات پر سب سے زیادہ مذاق پرانی اداکارہ مشی خان نے اڑایا اور انہوں نے اس طرح کے جملے استعمال کیے جن سے انہیں کافی تکلیف پہنچی۔

ابرارالحق نے مشی خان کے رویے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ان پر اس طرح تنقید کی، جیسے وہ پاکستانی ہی نہ ہوں۔

گلوکار کا کہنا تھا کہ انہوں نے نہ تو کسی سیاسی جماعت میں شمولیت اختیار کی تھی اور نہ ہی انہوں نے کوئی جماعت چھوڑی۔

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے 12 سال قبل بھی بولی وڈ میں کام کی پیش کش پر بات کی تھی، جس کا کلپ بھی موجود ہے۔

گلوکار نے سوال اٹھایا کہ دوسرے لوگوں کو کیا لگتا ہے کہ انہیں کبھی بھارت میں میوزک کنسرٹ کی پیش کش نہیں ہوئی ہوگی؟

انہوں نے واضح کیا کہ ان کے لیے بھارت میں کام کرنے کی پیش کش کوئی معنی نہیں رکھتی، وہ اپنے ملک میں بہت سارے ہسپتال بنا سکتے ہیں، بہت سارے لوگوں کی مدد کر سکتے ہیں، ان کا یہاں کام کرنا ہی ان کی سب سے بڑی کامیابی ہے۔

ابرار الحق نے مشی خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ عین ممکن ہے کہ اداکارہ کے لیے بھارت میں کام کرنے کی پیش کش بڑی معنی رکھتی ہو۔

انہوں نے مزاحیہ انداز میں کہا کہ عین ممکن ہے کہ مشی خان بولی وڈ میں کام کی پیش کش ملنے پر خوشی سے ہی مر جائیں۔

ابرار الحق کا مزید کہنا تھا کہ یہ کتنی مزاحیہ اور دلچسپ بات ہوگی کہ مشی خان بولی وڈ میں کام کرنے کی پیش کش پر ہی فوت ہوجائیں۔

اس سے قبل جب ابرارالحق نے انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ انہیں بولی وڈ میں کام کی پیش کش ہوئی تھی تو مشی خان نے گلوکار پر شدید تنقید کرتے ہوئے انہیں جھوٹا قرار دیا تھا اور کہا تھا کہ ان کی بات سال کا سب سے بڑا مذاق ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں