لاہور اiئرپورٹ پر امیگریشن سسٹم کی بحالی کا وقت رات 10 بجے تک بڑھا دیا گیا۔

ڈان نیوز کے مطابق آئی ایم ایس سسٹم بحال ہوتے ہی انٹرنیشنل آپریشنز شروع ہوسکیں گے، انٹرنیشنل ایئرلائنز کی اگاہی کے لیے نوٹم بھی جاری کردیا گیا ہے۔

تاہم لاہور ایئرپورٹ ڈومیسٹک اور کارگو آپریشنز کے لیے معمول کے مطابق دستیاب ہے۔

واضح رہے کہ آج علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر آتشزدگی کے سبب حج پروازیں تاخیر کا شکار ہوگئی تھیں جبکہ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے آتشزدگی کے واقعہ کی تحقیقات کا حکم دے دیا تھا۔

پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی اے اے) کے ترجمان کی طرف سے جاری بیان کے مطابق عازمین حج کے لیے بنائے گئے خصوصی امیگریشن ایریا میں شارٹ سرکٹ ہوا اور علی الصبح شارٹ سرکٹ سے پیدا ہونے والی صورتحال پر قابو پالیا گیا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ حج اور دیگر انٹرنیشنل فلائٹس کو ڈومیسٹک سائیڈ سے ڈیل کیا جارہا ہے، فلائٹ آپریشنز جلد بحال ہونے کی توقع ہے، ان کا مزید کہنا تھا کہ لاہور ایئرپورٹ لینڈ کرنے والی فلائیٹس کی عارضی طور پر مینوئل امیگریشن کی جارہی ہے۔

نوٹم کیا ہے؟

نوٹم ایک نوٹس ہے جو ایوی ایشن اتھارٹی کے پاس دائر کیا جاتا ہے تاکہ ہوائی جہاز کے پائلٹوں کو پرواز کے راستے یا کسی ایسے مقام کے جو پرواز کو متاثر کر سکتا ہو، کے ممکنہ خطرات کے حوالے سے آگاہ کیا جاسکے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں