دائیں سے شرمین عبید چنائے، ڈاکٹر جواد اور صبیحہ سومار، ۔ ش
دائیں سے شرمین عبید چنائے، ڈاکٹر جواد اور صبیحہ سومار، ۔

لاہور: اکیڈمی ( آسکر) ایوارڈ حاصل کرنے والی پاکستانی دستاویزی فلم ' سیونگ فیس' کو بہترین ڈاکیومینٹری اور عمدہ ایڈیٹنگ پرچونتیسویں سالانہ نیوز اینڈ ڈاکیومینٹری ایوارڈز کے تحت دو ایمی ایوارڈز دئیے گئے ہیں۔

ٹائم وارنرسینٹر نیویارک میں فریڈرک پی روز ہال میں منگل کے روز ایمی ایوارڈاز کی تقریب میں پاکستانی فلم کو یہ اعزازات حاصل ہوئے۔

فلم کی آسکرایوارڈ یافتہ ڈائریکٹر شرمین عبید چنائے اور ڈینیئل یونگ، کیمرہ مین اسد فاروقی اور سوینگ فیس کی ٹیم کے دیگر اراکین بھی موجود تھے۔ اس موقع پر نیوز، میڈیا، ڈاکیومینٹری اور دیگر شعبوں کے ایک ہزار سے زائد پروفیشنل موجود تھے۔

ایمی ایوارڈ حاصل کرنے کے بعد شرمین عبید چنائے نے کہا،' وہ اس ایوارڈ کو اپنے والد کے نام کرنا چاہتی ہیں جو ان کے استاد رہے۔ میں سیونگ فیس کی پشت پر موجود پوری ٹیم کا شکریہ ادا کرنا چاہتی ہوں جنہوں نے سخت محنت کی اور آگہی پھیلانے کی کوشش کی۔ میں امید کرتی ہوں کہ یہ فلم اس معاملے کو سامنے لاکر گفتگو کو عمل سے بدلنے میں مدد دے گی۔'

' یہ ایوارڈ ہمارے لئے ایک اعتراف اور اعزاز ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ یہ فلم بہت سے لوگوں تک پہنچے گی اور اس سے شعور پھیلے گا ساتھ ہی درست سمت میں گفتگو شروع ہوگی جو اس فلم کا مرکزی مقصد ہے،' ڈینئیل یونگ نے کہا۔

واضح رہے کہ سیونگ فیس پانچ ایمی ایوارڈ کیلئے نامزد ہوئی تھی ۔ اسے بہترین ڈاکیومینٹری، آؤٹ سٹینڈنگ آرٹس اینڈ کلچر پروگرامنگ، غیر معمولی ریسرچ، غیرمعمولی سنیماٹوگرافی اور ایڈیٹنگ  کیلئے نامزد کیا گیا تھا۔

آسکر اور ایمی کے علاوہ یہ فلم بہت سے ایوارڈ حاصل کرچکی ہے جن میں آئی ڈی اے ڈاکیومینٹری ایوارڈ، جولیان بارٹیل ایوارڈ، ابوظہبی فلم فیسٹول آڈیئنس چوائس ایوارڈ، نیویارک انڈین فلم فیسٹول ' بہترین ڈاکیومینٹری ایوارڈ، سارک کے تحت بہترین فلم ایوارڈ مل چکا ہے۔

سیونگ فیس میں برطانوی نژاد نامور پاکستانی پلاسٹک سرجن، ڈاکٹر محمد جواد کے کام کو دکھایا گیا ہے جو تیزاب کے جلنے کی شکار خواتین کےچہرے کی پلاسٹک سرجری کرنے کیلئے پاکستان آتے ہیں۔

پاکستان اور خصوصاً راولپنڈی، کراچی اور اسلام آباد میں خواتین پر تیزاب پھینکنے کے واقعات عام ہیں ۔ ایک محتاط اندازے کے تحت پاکستان میں ہرسال تیزاب گردی کے 150 سے زائد واقعات رونما ہوتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں