slow-internet-670
فائل فوٹو

اسلام آباد: بدھ کو سب میرین کیبل کو نقصان پہنچنے سے انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والے صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث شمالی افریقہ سے لے کر پاکستان اور ہندوستان تک سروس شدید متاثر ہوئیں۔

بلاتعطل انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے کی جدوجہد میں مصروف کچھ انٹرنیٹ سروس فراہم کرنے والوں نے بتایا کہ انٹرنیٹ کی اسپیڈ 40 سے 50 فیصد تک گر گئی تھی جس کے باعث براؤزنگ میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی(پی ٹی سی ایل) کے مطابق سب میرین کیبل سسٹم ٹھیک کرنے والے انٹرنیشنل آپریٹرز کا اتحاد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے جلد کام شروع کر دے گا۔

شمال مشرقی ایشیا، مشرق وسطیٰ اور مغربی یورپ-4 کا کیبل مصر کے شہر اسکندریہ سے 750 کلومیٹر کے فاصلے پر ٹوٹ گیا تھا جس کی وجہ سے پورے مشرق بعید، مشرق وسطیٰ، پاکستان، ہندوستان اور شمالی افریقہ میں انٹرنیٹ سروس متاثر ہوئی تھی۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر جنرل انفورسمنٹ سجاد لطیف نے بتایا کہ کسی بھی جگہ سروس مکمل طور پر بند نہیں ہوئی تاہم کیبل ٹوٹنے کے باعث اس کی رفتار انتہائی سست پڑ گئی تھی اور اس کی مرمت کے لیے ایک بحری جہاز روانہ کردیا گیا ہے۔

سجاد لطیف نے مزید بتایا کہ اس کام میں بڑی بڑی کمپنیاں بھی شامل ہیں جو اس حوالے سے عالمی معیار کو برقرار رکھنے کی ذمہ دار ہے۔

ابھی تک یہ واضح نہیں ہو سکا کہ کس حد تک نقصان ہوا ہے، لیکن ماضی کے ریکارڈ کو دیکھتے ہوئے کہا جاسکتا ہے کہ مرمت کے کام میں دو دن سے زیادہ کا وقت نہیں لگے گا۔

سال 2007ء کے بعد یہ دوسرا موقع ہے جب سروس کا معیار متاثر ہوا ہے، اس سے قبل ہونے والے دیگر واقعات میں سروس میں کچھ خاص تعطل پیدا نہیں ہوا تھا۔

ایک صارف فرزانہ آغا کے مطابق یہ معمول کی طرح کا سلو سروس کا معاملہ تھا اور انہیں اپنی ای میل بھیجنے میں زیادہ دقت کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔

موبائل کمپنیوں کے ایک سیکیورٹی ماہر عامر خلیل نے بتایا کہ میں نے اپنے تمام ملازمین کو ای میل کے ذریعے انٹرنیٹ سروس سُست ہونے کی اطلاع دے دی تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ای میل بھیجنے کی پہلی کوشش کامیاب نہیں ہو سکی جبکہ دوسری کوشش میں بھی ای میل جانے میں پانچ منٹ لگے۔

اس حوالے سے چہ میگوئیاں کی جارہی ہیں کہ کیبل کو تین جگہ سے نقصان پہنچا ہے اور اس کی مرمت میں کچھ ہفتے لگ سکتے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں