اسلام آباد تشدد کیخلاف سیاسی جماعتیں اور صحافی سراپا احتجاج

اپ ڈیٹ 31 اگست 2014
ایبٹ آباد میں پاکستانی عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کر رہے ہیں۔ فوٹو آن لائن
ایبٹ آباد میں پاکستانی عوامی تحریک اور تحریک انصاف کے کارکن احتجاج کر رہے ہیں۔ فوٹو آن لائن
لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دوران احتجاج جلائے گئے ٹائرز پر سے موٹر سائیکل سوار گزر رہا ہے۔ فوٹو آن لائن
لاہور میں ٹھوکر نیاز بیگ کے مقام پر تحریک انصاف اور مجلس وحدت مسلمین کی جانب سے دوران احتجاج جلائے گئے ٹائرز پر سے موٹر سائیکل سوار گزر رہا ہے۔ فوٹو آن لائن
اسلام آباد میں صحافیوں پر تشدد کے خلاف کراچی پریس کے زیر اہتمام کراچی میں مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ فوٹو آن لائن
اسلام آباد میں صحافیوں پر تشدد کے خلاف کراچی پریس کے زیر اہتمام کراچی میں مظاہرہ کیا جا رہا ہے۔ فوٹو آن لائن

کراچی: اسلام آباد میں مظاہرین اور صحافیوں پر پولیس تشدد کے خلاف ملک کے مختلف شہروں میں ہڑتال اور مظاہرے کیے گئے جبکہ ملک کے مختلف شہروں میں کاروباری مراکز بند اور جزوی ہڑتال رہی۔

کراچی میں ایم کیو ایم کی جانب سے یوم سوگ اور تحریک انصاف کی اپیل پر جزوی ہڑتال رہی اور ٹرانسپورٹ معمول سے کم رہا۔

سلطان آباد میں تحریک انصاف کے کارکنوں نے ٹائر جلا کر سڑک بلاک کردی اور شدید نعرے بازی کی جبکہ مجلس وحدت مسلمین(ایم ڈبلیو ایم) نے بھی نمائش چورنگی پر دھرنا دے کر احتجاج ریکارڈ کرایا۔

حیدرآباد میں بھی ہڑتال رہی اور شہر میں بیشتر پٹرول پمپس اور دُکانیں بند رہیں جبکہ کوٹری اور جامشورو میں بھی کاروباربند رہا جبکہ شہر میں سی این جی اسٹیشن اور پٹرول بھی پمپ بند رہے۔

لاہور میں بھی تحریک انصاف کے کارکنوں نے شاہدرہ میں ٹائر جلائے اور نعرے بازی کی، اس موقع پر پی ٹی آئی کے رہنما نے کارکنوں سے خطاب کیا۔

عوامی تحریک اور ایم ڈبلیو ایم نے بھی ریاستی جبر کے خلاف صوبائی دارالحکومت میں ٹھوکر نیاز بیگ اور جی ٹی روڈ پر ٹائر جلاکر مظاہرہ کیا۔

ملتان میں پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان کی جانب سے اسلام آباد واقعے کے متاثرین کی یاد میں شمعین روشن کی گئیں۔ ملتان کے چوک جہانزیب پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے کارکنان نے اسلام آباد میں دھرنوں کے شرکا پر ریاستی جبر کے خلاف مظاہرہ کیا اور نعرے بازی کی۔

اس موقع پر کارکنوں نے متاثرہ کارکنان سے خراج عقدیت پیش کرنے کے لئے شمعیں روشن کی۔

اسلام آباد واقعے کے خلاف جھنگ کے ہیڈ تریموں پر مجلس وحدت مسلمین اور عوامی تحریک کے کارکنوں نے دھرنا دیا۔

اس دوران پولیس اورکارکنوں میں تصادم ہوا جس میں ایک درجن سے زائد پولیس اہلکار اور پندرہ کارکن زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔

فیصل آباد میں سنی اتحاد کونسل اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے کچہری چوک پر احتجاج کیا جبکہ سیالکوٹ میں مجلس وحدت مسلمین اور تحریک انصاف کے کارکنوں نے ڈیفنس روڈ پر مظاہرہ کیا اور ٹائر جلائے۔

راجن پور اور بہاولپور میں اسلام آباد واقعے پر احتجاج جاری رہا جبکہ رحیم یار خان، منڈی بہاؤالدین اور گجرات میں پولیس نے گھروں پرچھاپے مار کر تحریک انصاف کے ایک درجن سے زائد کارکنوں کو گرفتار کرلیا۔

جیکب آباد میں تحریک منہاج القرآن کی جانب سے ڈی سی چوک پر دھرنا دیا گیا جبکہ نوابشاہ، گھوٹکی اور کندھ کوٹ میں بھی مظاہرہ کیا گیا۔

مانسہرہ میں شنکیاری کے مقام پر پی ٹی آئی کے کارکنوں نے دھرنا دیا جس سے شاہراہ ریشم بلاک ہو گئی جبکہ گلگت سمیت خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں بھی دھرنے دیے گئے۔

صحافیوں کا احتجاج

اسلام آباد میں ڈان نیوز کے کیمرہ مین سمیت دیگر چینلز کے نمائندوں پر پولیس کے بہیمانہ تشدد کیخلاف ملک کے مختلف شہروں میں صحافیوں کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔

ملتان میں صحافی برادری کی جانب سے اسلام آباد میں ساتھیوں پر تشدد کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیاگیا اور صحافیوں نے آئی جی اسلام آباد کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔

گوجرانوالہ پریس کلب کے تحت احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں شرکا نے پنجاب پولیس اور حکومت کے خلاف شدید نعرے لگائے۔

رحیم یارخان میں صحافتی تنظیموں اور سول سوسائٹی کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا جبکہ منڈی بہاؤالدین یونین آف جرنلسٹس اورالیکٹرانک میڈیا کی جانب سے اسلام آباد میں صحافیوں پر حملے کیخلاف پریس کلب کے سامنے احتجاج کیا گیا۔

حیدرآباد میں بھی صحافی برادری کی جانب سے اسلام آباد میں ساتھیوں پرتشدد کیخلاف احتجاج کیا گیا جبکہ سکھر، خیرپور، نوابشاہ، جامشورو اور کندھ کوٹ میں صحافیوں نے اسلام آباد میں ڈان نیوزاور دیگر چینلز کے صحافیوں پر پولیس کے تشدد کیخلاف احتجاج ریکارڈ کرایا۔

اسلام آباد میں میڈیا کے نمائندوں پر پولیس کے تشدد کے خلاف ڈیرہ اسماعیل خان میں ڈیرہ فوٹوجرنلسٹ ایسوسی ایشن کی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں