ہومی اداجنیا کی 'فائنڈنگ فینی' ایک شخص کی گمشدہ محبّت کی تلاش میں پانچ افراد کا پُرمزاح سفر ہے- بدقسمتی سے اپنے کمزور اسکرپٹ اور ڈائریکشن کی بنا پر فلم کچھ خاص کامیابی حاصل نہ کرسکی-

یہ کہانی ہے، گوا کے پوکولم نامی ایک گاؤں کی (ایک ایسا گاؤں جسے آپ لاکھ کوشش کر کے بھی نہیں ڈھونڈ پائیں گے) جہاں فرڈی (نصیر الدین شاہ) نامی ایک شخص کو چھیالیس سال پہلے لکھا ہوا اپنا محبّت نامہ واپس موصول ہوتا ہے یہ خط موصوف نے اپنی چاہت 'فینی' کے نام لکھا تھا- فرڈی یہ سوچ کر افسردہ ہو جاتا ہے کہ فینی کو کبھی یہ خبر ہی نہیں ہوپائی کہ وہی فرڈی کی پہلی اور آخری محبّت تھی چناچہ وہ فینی کی تلاش کا فیصلہ کرتا ہے-

اس تمام منصوبہ بندی کے دوران فرڈی نے ایک بار بھی یہ نہیں سوچا کہ ممکن ہے فینی مر چکی ہو، یا کسی دوسرے ملک چلی گئی ہو- کہتے ہیں نہ محبّت، عقل و سمجھ کے تمام دروازے بند کردیتی ہے-

ارجن کپور، دیپیکا پڈوکون،  ڈمپل کپاڈیہ، نصیر الدین شاہ اور پنکج کپور
ارجن کپور، دیپیکا پڈوکون، ڈمپل کپاڈیہ، نصیر الدین شاہ اور پنکج کپور 'فائنڈنگ فینی' کے ایک منظر میں

جیسا کہ فرڈی کا اپنی گمشدہ محبّت کی تلاش کا فیصلہ ہی فلم کا مرکزی نکتہ ہے- اس سفر میں شامل دیگر کردار جیسے، اینجی (دیپیکا پڈوکون)، سیویو دی گاما (ارجن کپور)، روزالینہ (ڈمپل کپاڈیہ)، ڈان پیڈرو (پنکج کپور) کی موجودگی سمجھ سے باہر اور بے سروپا اضافہ ہے-

اینجی پہلے ہی سے زخم خوردہ ہے، شادی کے دن ہی اس کا دولہا ایک کیک ایکسیڈنٹ میں مارا جاتا ہے- وہی فرڈی کے سفر کا منصوبہ بناتی ہے- سیویو، اینجی کا بچپن کا دوست ہے مگر اس لئے خفا ہے کہ اس نے کسی اور سے شادی کی- ناگوار سی روزالینہ، اینجی کی ساس ہے جبکہ شرابی ڈان پیڈرو ایک آرٹسٹ-

دیپیکا اور نصیر الدین شاہ
دیپیکا اور نصیر الدین شاہ 'فائنڈنگ فینی' کے ایک منظر میں

قصّہ مختصر یہ کہ پانچ گوا والے ایک عجیب وغریب اور زبردستی کے سفر پر نکل پڑتے ہیں، فلم میں مزاح کی مثالیں محض کمزور کہانی کو سہارا دینے کے لئے استعمال کی گئی ہیں ورنہ زبردستی کے مزاح میں کوئی اور خاصیت نہیں-

مثال کے طور پر، ایک منظر میں فرڈی، روزالینہ کی پالتو بلّی کو کار کی کھڑکی سے باہر پھینک دیتا ہے، یہ منظر فضول حد تک احمقانہ ہے - ہوسکتا ہے اس پر تھوڑی دیر کو لوگ ہنس لیں اور اینیمل رائٹ ایکٹوسٹ اس پر تنقید بھی کریں (فلم کو اینیمل ویلفیئر بورڈ آف انڈیا کے ساتھ بھی مسئلہ ہوا) لیکن بڑی حد تک مایوس کن رہا-

ڈمپل کپاڈیہ نے 'دل چاہتا ہے' میں ایک شرابی ماں کا بہترین کردار ادا کیا تھا، ان کی پرفارمنس نے عصر حاضر کی فلموں میں تجربہ کار فنکاروں کے کردار کو ایک نئی پہچان دی تھی لیکن ، فائنڈنگ فینی میں ان کا کام اتنا ہی مایوس کن رہا- ایک بھاری بھرکم ادھیڑ عمرعورت کا کردار نہ ان کی اداکارانہ صلاحیتوں سے میل کھاتا ہے اور نہ ہی ان کی عمر سے-

پنکج کپور
پنکج کپور 'فائنڈنگ فینی' کے ایک سین میں

دیپیکا کا کردار واجبی ہے سواۓ اس کے کہ وہ پوری فلم میں خوبصورت لگیں، یہی حال ارجن کپور کا بھی رہا جنہوں نے فلم کے دوران سوکھا سا مونہہ بناۓ رکھا-

دپیکا اور ارجن
دپیکا اور ارجن 'فائنڈنگ فینی' کے ایک منظر میں

نصیر الدین شاہ ناگوار حد تک خوابوں کی دنیا میں کھوۓ رہے، البتہ پنکج کپور کا کام بطور ایک شہوت پسند فنکار کسی حد تک یادگار ہے-

سین در سین دیکھا جاۓ تو 'فائنڈنگ فینی' اتنی بری بھی نہیں- بہرحال، اگر مجموعی طور پر دیکھا جاۓ تو مذکورہ فلم میں ادھورا پن محسوس ہوتا ہے-

ترجمہ: ناہید اسرار

انگلش میں پڑھیں

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں