'میٹرو بس پروجیکٹ میں تاخیر کی اصل وجہ دھرنے ہیں'

10 نومبر 2014
تصویر میں لاہور کے ایک ٹرمینل پر میٹرو بسیں کھڑی ہوئی نظر آرہی ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی
تصویر میں لاہور کے ایک ٹرمینل پر میٹرو بسیں کھڑی ہوئی نظر آرہی ہیں—۔فائل فوٹو/ اے ایف پی

راولپنڈی: سٹی ڈسٹرکٹ انتظامیہ نے راولپنڈی/ اسلام آباد میٹرو بس پروجیکٹ کی تکمیل کی ڈیڈ لائن میں 30 جنوری تک توسیع کردی ہے۔

اس سے قبل انتظامیہ کا ارادہ تھا کہ 25 دسمبر تک میٹرو بسیں سڑکوں پر آجائیں گی، تاہم پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے دھرنوں کے باعث یہ منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔

اتوار کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رکن قومی اسمبلی حنیف عباسی نے میٹرو بس کے پروجیکٹ ڈائریکٹر اور کمشنر راولپنڈی زاہد سعید کے ہمراہ روالپنڈی/ اسلام آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ 'اب یہ تعمیراتی کام اگلے برس جنوری میں مکمل ہوگا، جبکہ پشاور انٹر چینج کا کام مارچ 2015 تک مکمل ہو جائے گا'۔

واضح رہے کہ حنیف عباسی، وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری شہباز شریف کی جانب سے راولپنڈی/ اسلام آباد میں میٹرو بس پروجیکٹ کے لیے تشکیل دی گئی مانیٹرنگ ٹیم کے سربراہ ہیں۔

زاہد سعید نے حنیف عباسی کو پروجیکٹ کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی، تاہم اس موقع پر حکمران جماعت مسلم لیگ (ن) کے مقامی رہنما اورکمیٹی کے دیگراراکین موجود نہیں تھے۔

حنیف عباسی کا کہنا تھا کہ 'اس پروجیکٹ کو رواں برس 25 سمبر تک مکمل ہونا تھا، تاہم کام میں سست رفتاری کے باعث اب یہ اگلے برس جنوری کے آخر میں اختتام پذیر ہوگا'۔

انھوں نے دعویٰ کیا کہ 'منصوبے پر سست رفتاری سے کام کی اصل وجہ تحریک انصاف اور عوامی تحریک کے دھرنے ہیں'۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں