میو ہسپتال کی نرس 'ریپ' کے بعد قتل

اپ ڈیٹ 04 فروری 2015
— فائل فوٹو
— فائل فوٹو

لاہور کے میو ہسپتال میں کام کرنے والی ایک نرس کو مبینہ ریپ کے بعد قتل کردیا گیا۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق میو ہسپتال کے آئی سی یو وارڈ میں تعینات ایک نرس 31 جنوری کو ڈیوٹی ختم کرکے ہاسٹل گئی تاہم واپس نہیں لوٹی۔

پولیس کے مطابق مذکورہ نرس کی لاش بعد ازاں لاہور کے علاقے شیراکوٹ سے برآمد ہوئی۔

مبینہ ملزم، نرس کو اپنے ہمراہ شیرا کوٹ لے کر گیا، جہاں اسے ریپ کا نشانہ بنا کر قتل کردیا گیا۔

جس کے بعد ملزم مقتول نرس کی لاش کو اپنے طور پر ایدھی ایمبولینس میں ڈال کر سردخانے منتقل کرنے کی کوشش کرتا رہا تاہم عملے کے انکار پر وہ لاش کو پاکپتن میں چھوڑ کر فرار ہوگیا۔

دوسری جانب پولیس نے پوسٹ مارٹم کیے بغیر ہی لاش کو ورثاء کے حوالے کردیا، جنہوں نے اسے پاک پتن میں سپرد خاک کردیا۔

اس حوالے سے میو ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ کا مؤقف معلوم نہیں ہوسکا۔

جب کہ پولیس کا کہنا ہے کہ میو ہسپتال گوالمنڈی تھانے کی حدود میں آتا ہے جبکہ لاش چونکہ شیرا کوٹ تھانے کی حدود سے ملی ہے، لہذا اس کا مقدمہ بھی شیرا کوٹ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔

مفرور ملزم محکمہ صحت کا ملازم بتایا جاتا ہے اور اس کی تلاش میں چھاپے مارے جارہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں