پاکستان ایڈیلیڈ میں بھی سرفراز، کوارٹر فائنل میں رسائی

اپ ڈیٹ 15 مارچ 2015
سرفراز احمد نے ناقابل شکست 101 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی
سرفراز احمد نے ناقابل شکست 101 رنز کی شاندار اننگ کھیلی۔ فوٹو اے ایف پی

ایڈیلیڈ: پاکستان نے سرفراز احمد کی شاندار کارکردگی کی بدولت آئرلینڈ کو سات وکٹ سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔

آئرلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا جو درست ثابت نہ ہوا اور اسے ابتدا میں ہی پال اسٹرلنگ کی صورت میں نقصان اٹھانا۔

میچ کے لیے پاکستان نے اپنی ٹیم میں دو تبدیلیاں کیں، انجرڈ محمد عرفان کی جگہ احسان عادل جبکہ یونس خان کی جگہ حارث سہیل کو فائنل الیون میں جگہ دی گئی۔

ولیم پورٹر فیلڈ نے شاندار بلے بازی کا مظاہرہ کیا لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی بھی بلے باز ان کا ساتھ نہ نبھا سکا اور آئرلینڈ وقفے وقفے سے وکٹیں گنواتا رہا۔

پورٹر فیلڈ نے آؤٹ ہونے سے قبل 107 رنز کی اننگ کھیلی جبکہ گیری ولسن 29 اور اینڈی بلبرنی نے 18 رنز بنائے۔

پاکستان کی جانب سے وہاب ریاض تین وکٹیں لے کر سب سے کامیاب باؤلر رہے جبکہ راحت علی اور سہیل خان نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔

جواب میں پاکستانی اوپنرز نے ٹیم کو 120 رنز کا شاندار آغاز فراہم کر کے ٹیم کی جیت کی بنیاد رکھی۔

احمد شہزاد 63 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو اسکور میں چھ رنز کے اضافے سے حارث سہیل وکٹوں کے درمیان غلط فہمی کے نتیجے میں رن آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے۔

اس موقع پر کپتان مصباح الحق نے سرفراز کے ساتھ مل کر تیسری وکٹ کے لیے 84 رنز جوڑ کر ٹیم کو فتح کی دہلیز پر پہنچا دیا۔

مصباح الحق آؤٹ ہونے والے تیسری کھلاڑی تھے، وہ 39 رنز بنا کر ہٹ وکٹ ہوئے۔

آٹھ سالہ جمود ٹوٹ گیا

سرفراز احمد نے شاندار سنچری اسکور کرتے ہوئے 101 رنز بنائے جبکہ عمر اکمل 16 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔

یہ ورلڈ کپ میں کسی بھی پاکستانی کھلاڑی کی آٹھ سال بعد سنچری ہے، اس سے قبل 2007 کے ورلڈ کپ میں عمران نذیر نے زمبابوے کے خلاف سنچری اسکور کی تھی۔

سرفراز کو شاندار سنچری پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

پاکستان نے اس میچ میں فتح کے ساتھ ہی کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا جہاں اس کا مقابلہ جمعہ کو آسٹریلیا سے ایڈیلیڈ میں ہی ہو گا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں