راحت علی سے کوئی ناراضی نہیں، وہاب ریاض

اپ ڈیٹ 21 مارچ 2015
پاکستانی فاسٹ باؤلر راحت علی کیچ ڈراپ کرتے ہوئے۔۔۔اے پی فوٹو۔
پاکستانی فاسٹ باؤلر راحت علی کیچ ڈراپ کرتے ہوئے۔۔۔اے پی فوٹو۔

ایڈیلیڈ: پاکستان کرکٹ ٹیم کے فاسٹ باؤلر وہاب ریاض نے آسٹریلیا کے خلاف کوارٹر فائنل میں راحت علی کی جانب سے اہم کیچ ڈراپ کرنے پر ان سے ناراض نہیں ہیں۔

ایڈیلیڈ میں کھیلے گئے اس میچ میں وہاب نے دو وکٹیں حاصل کر رکھی تھیں جبکہ وہ تیسری وکٹ بھی حاصل کرسکتے تھے تاہم راحت علی نے ایک آسان کیچ ڈراپ کردیا۔

کیچ ڈراپ ہونے کے بعد واٹسن اختتام تک کریز پر کھڑے رہے اور 64 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔

آسٹریلیا کا اس موقع پر اسکور 83 رنز تھا جبکہ اس کے تین کھلاڑی آؤٹ ہوچکے تھے اور ایسے موقع پر واٹسن کی وکٹ پاکستان کو جیت کی راہ پر گامزن کرسکتی تھی۔

`

`

ایک انٹرویو کے دوران راحت علی کے بارے میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ان سے میری کوئی ناراضی نہیں ہے، وہ بہت اچھا لڑکا ہے اور ٹورنامنٹ میں بہت اچھی باؤلنگ کی۔

وہاب نے کہا کہ 'راحت نے کیچ جان بوجھ کر نہیں چھوڑا تھا، بس ہماری قسمت میں نہیں تھا، اتنا کہوں گا۔'

فاسٹ باؤلر نے کہا کہ ورلڈ کپ کھیلنے کے موقع بہت کم آتے ہیں، ایک چانس 2011 میں ملا تھا وہاں سیمی فائنل میں ہارگئے تھے اور اب کوارٹر فائنل میں باہر ہوگئے اس لیے جذبات پر کنٹرول نہیں کرسکا۔

واٹسن کے بارے میں انہوں نے کہا کہ جب وہ بیٹنگ کرنے آئے تھے تو واٹسن نے ان سے کہا تھا کہ 'میں بیٹ لیکر نہیں آیا کھیلنے کے لیے تو جب وہ بیٹنگ کرنے آیا تو میں نے بھی بتایا کہ اس کے ہاتھ میں بھی بیٹ ہے لیکن اس کو کھیلنا نہیں آیا۔'

وہاب ریاض نے باؤلنگ پر سابق کھلاڑیوں کی جانب سے تعریف پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ کے بارے میں عظیم کھلاڑی ذکر کرتے ہیں تو اچھا محسوس ہوتا ہے لیکن ہم ہارنے کا افسوس ہے، ہم نے جیتنے کی پوری کوشش کی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کوشش کروں گا کہ اپنی اس فارم کو آگے آنے والی سیریز میں بھی برقرار رکھوں۔

وہاب ریاض نے کہا کہ ورلڈ کپ سے قبل میرا مقصد تھا کہ شروع کے چھ میچوں میں 15 وکٹیں حاصل کروں، اللہ نے ایک وکٹ زیادہ ہی دلوادی۔

انہوں نے پوری ٹیم کی طرف سے قوم سے معافی مانگی۔ 'ہم نے محنت کی لیکن ہارگئے، ہمیں سپورٹ کی ضرورت ہے۔'

تبصرے (0) بند ہیں