ہری پور: بلدیاتی امیدوار پر حملہ، 6 ہلاک

09 مئ 2015
ہری پور ہزارہ میں بلدیاتی امیدوار کے قافلے پر حملے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے — اے ایف پی فائل فوٹو
ہری پور ہزارہ میں بلدیاتی امیدوار کے قافلے پر حملے میں 6 افراد ہلاک ہو گئے — اے ایف پی فائل فوٹو

ایبٹ آباد/مانسہرہ: ہری پور کے علاقے بالدہر میں نامعلوم مسلح افراد کی فائرنگ سے بلدیاتی انتخابات کے امیدوار کے پانچ گارڈ اور ایک ڈرائیور ہلاک ہوگیا ہے۔

ضلع ہزاہ کے ڈی ایس پی اختر حیات گنڈا پور نے واقعے کو ذاتی دشمنی کا شاخسانہ قرار دیا ہے۔

بلدیاتی انتخابات کے مقامی امیدوار محمد جاوید بارا پھاٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کے بعد بستی بلند خان میں قائم اپنے گھر کی جانب آرہے تھے کہ کار میں سوار نامعلوم مسلح ملزمان نے ان کے قافلے پر فائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں بلدیاتی امیدوار شدید زخمی ہوگئے جبکہ ان کے ساتھ موجود پانچ گارڈ اور ایک ڈرائیور ہلاک ہوگیا۔

محمد جاوید اور دیگر زخمیوں کو طبی امداد کے لئے ہری پور ہزارہ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لے جایا گیا۔

ڈاکٹروں کے مطابق محمد جاوید کو دو گولیاں بازوں اور ایک پیٹ میں لگی ہے اور انہیں ایبٹ آباد میں قائم ایوب میڈیکل کمپلکس منتقل کردیا گیا ہے۔

ڈی ایس پی کا کہنا ہے کہ محمد جاوید کی جانب سے پولیس کو دیئے جانے والے بیان میں حملے کا ذمہ دار اپنے حریف منصف خان کو ٹہرایا گیا ہے۔

ادھر محمد جاوید کے والد بلند خان نے حملے کی وجہ دو قبائل کی چپقلش قرار دی ہے جس میں گزشتہ 4 دہائیوں میں سینکٹروں لوگ ہلاک ہوچکے ہیں۔

ضلع ہری پور کے پولیس افسر خرم رشید کا کہنا ہے کہ حملے کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں