آنڈرائیڈ صارفین کے لیے فوٹو شاپ اپلیکشن متعارف

16 جون 2015
فوٹو شاپ اپلیکشن— گوگل پلے اسٹور فوٹو
فوٹو شاپ اپلیکشن— گوگل پلے اسٹور فوٹو

آنڈرائیڈ اسمارٹ فونز کے صارفین کے لیے اچھی خبر یہ ہے کہ پہلی بار ان کے لیے گوگل پلے اسٹور میں فوٹو شاپ کی اپلیکشن متعارف کرا دی گئی ہے۔

معروف کمپنی اڈوب نے آنڈرائیڈ ڈیوائسز کے لیے ایک نئی فوٹو شاپ اپلیکشن ' فوٹو شاپ مکس' کے نام سے متعارف کرا دی ہے جبکہ برش سی سی، شیپ سی سی اور کلر سی سی جیسی اپلیکشنز بھی اس کا حصہ ہیں۔

یہ اپلیکشنز اس سے پہلے صرف آئی او ایس یا آئی فون صارفین کے لیے ہی دستیاب تھیں۔

اڈوب کا دعویٰ ہے کہ آنڈرائیڈ کی نئی موبائل اپلیکشن دنیا بھر کے لاکھوں فوٹو گرافرز کو اپنا کام موبائل کی دنیا میں لانے کا موقع فراہم کرے گی۔

برش سی سی، شیپ سی سی اور کلر سی سی اپلکیشنز مکمل طور پر ڈیسک ٹاپ سافٹ ویئر جیسے تو نہیں تاہم اسمارٹ فون صارفین کو ان سافٹ ویئرز سے کافی حد تک مستفید ہونے کا موقع ضرور فراہم کرتی ہیں۔

مثال کے طور پر کلر سی سی کے ذریعے صارفین کو اپنے اسمارٹ فون کیمرے سے لی جانے والی کسی بھی تصویر کے رنگ منتخب کرنے کا موقع ملے گا۔

اڈوب کا کہنا ہے کہ آنڈرائیڈ صارفین کو فراہم کی جانے والی اپلیکشنز آئی او ایس ڈیوائسز جیسی ہی ہے۔

کمپنی کے مطابق فوٹو شاپ مکس جو آج سے گوگل پلے اسٹور میں دستیاب ہے، کو تصاویر میں بنیادی ایڈیٹنگ کے لیے استعمال کیا جاسکتا ہے جبکہ تصاویر میں تبدیلی کے باوجود اصل تصاویر محفوظ رہیں گی۔

اسی طرح صارف چاہے گا تو وہ اپنے اسمارٹ فون سے کسی بھی تصویر کو ڈیسک ٹاپ کمپیوٹر پر فوٹو شاپ سی سی میں بھی منتقل کرسکے گا۔

تاہم یہ اپلیکشن مفت دستیاب نہیں اور اس کے لیے ماہانہ 8.57 پاﺅنڈز ادا کرنا ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں