نیکوسیا: شمالی افریقہ میں القاعدہ کی ذیلی تنظیم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے مسلح جنگجوؤں نے الجیریا کے جنوب مغربی علاقے میں ایک حملے میں 14 الجیرین فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے الجیرین فوج پر ہونے والے اس حملے کو رواں سال میں سب سے بڑا حملہ قرار دیا ہے۔

یاد رہے کہ الجیریا میں اس سے قبل اپریل 2014ء میں عسکریت پسندوں نے فوجی قافلے کو نشانہ بنایا تھا جس میں 15 فوجی ہلاک ہوگئے تھے۔

گذشتہ روز الخبر نامی اخبار نے سیکیورٹی حکام کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ مسلح عسکریت پسندوں کی جانب سے صوبے عین دفلا کے دارالحکومت کے جنوبی حصے میں تفران روڈ پر فوجی قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا۔

القاعدہ نے اپنے سوشل میڈیا پیغام میں کہا ہے کہ ’ہمارے ساتھیوں نے عید کے پہلے ہی روز ایک حملے میں 14 فوجیوں کو ہلاک کردیا ہے‘۔

القاعدہ نے یہ دعویٰ بھی کیا ہے کہ حملہ آور فوجیوں کا اسلحہ حاصل کرکے کسی جانی نقصان کے بغیر فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں۔

وزارت دفاع کی جانب سے حملے کے حوالے سے کوئی بیان سامنے نہیں آیا ہے تاہم وزارت نے گذشتہ ہفتے یہ دعویٰ کیا تھا کہ رواں سال کے پہلے 6 ماہ میں فوجی کارروائیوں میں 102 عسکریت پسندوں کو ہلاک اور گرفتار کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں