200 سے زائد طالبات کے اغوا کو 500 روز مکمل

27 اگست 2015
نائیجیریا میں 200 سے زائد طالبات کے اغوا پر احتجاج کیا جارہا ہے — فائل فوٹو/ اے پی
نائیجیریا میں 200 سے زائد طالبات کے اغوا پر احتجاج کیا جارہا ہے — فائل فوٹو/ اے پی

ابوجا: نائیجیریا میں سرگرم شدت پسند تنظیم بوکو حرام کی جانب سے 200 سے زائد اسکول طالبات کے اغوا کو 500 روز گزر گئے۔

خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق نائجیریا کے شمال مشرقی علاقوں میں سیکیورٹی کی صورت حال تاحال انتہائی ابتر ہے اور نئی حکومت کے قیام کے 3 ماہ کے دوران ایک ہزار سے زائد افراد دہشت گردوں کے متعدد حملوں میں ہلاک ہوچکے ہیں۔

واضح رہے کہ بوکو حرام نامی شدت پسند تنظیم نے گزشتہ سال اپریل میں بورنو کے دور دراز علاقے چی بوک میں سرکاری اسکول سے 279 طالبات کو اغوا کیا تھا۔

ان میں سے 57 طالبات اغواکاروں کے چنگل سے نکلنے میں کامیاب ہوگئی تھی جبکہ دیگر 219 طالبات کے حوالے سے گزشتہ سال مئی کے بعد سے کوئی خبر سامنے نہیں آسکی ہے۔

گزشتہ سال مئی میں بوکو حرام کی جانب سے جاری ہونے والی ویڈیو میں اغوا کی جانے والی 100 کے قریب طالبات کو قرآن پڑھتے ہوئے دکھایا گیا تھا۔

اس وقت بوکو حرام کے رہنما کی جانب سے یہ پیغام سامنے آیا تھا کہ ان طالبات نے اسلام قبول کرلیا ہے اور ان کی شادیاں بھی کروادی گئی ہیں۔

اسکول طالبات کے اغوا کو 500 روز مکمل ہونے پر دارالحکومت ابوجا میں شمعیں بھی روشن کی گئیں۔

طالبات کے اغوا کے خلاف سوشل میڈیا پر جاری مہم ’ہماری لڑکیاں واپس لائی جائیں‘ کے ذریعے لڑکیوں کی بحفاظت واپسی کا مطالبہ کیا جارہا ہے۔

مہم کی خاتون ترجمان عائشہ نے نائجیریا کی موجودہ حکومت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس اُمید کا اظہار کیا کہ ’صحیح کام کیا جائے گا۔‘

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں