وزیر اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ سعودی وفد نے پاکستان کی مہمان نوازی کا کھلے دل سے اعتراف کیا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ سعودی عرب کا ایک وفد آیا تھا، اس کابینہ اجلاس کے بعد تمام معزز حکام کے لیے ایک خصوصی اجلاس طلب کیا ہے، جنہوں نے اس کو کامیاب بنانے کے لیے بے پناہ محنت کی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ وفد کے مہمان خصوصی انہوں نے جتنی تعریف آپ لوگوں کی ہے، میرا دل خوشی سے باغ باغ ہوگیا۔

شہباز شریف کے مطابق وفد کا کہنا تھا کہ جب کل ہمارا کابینہ اراکین کے ساتھ رابطہ ہو رہا تھا تو آپ کے وزرا نہ صرف وہاں پر مکمل طور پر موجود تھے بلکہ ہر قدم پر گائیڈ کر رہے تھے، وفد نے کہا کہ یہ ہمارے لیے خوشگوار حیرانگی تھی، ہم نے اس طرح کا تجربہ پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

وزیر اعظم نے کہا کہ وفد نے بتایا کہ ہم بڑی خوشی کے ساتھ واپس جا رہے ہیں، کہا کہ ہم واپس جا کر رپورٹ کریں گے کہ ہم نے پاکستان میں نیا دور دیکھا ہے، اور جس اعتماد کے ساتھ آپ کی ٹیم نے پریزنٹیشن دی ہے، انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لیے حوصلہ افزا خبر تھی۔

شہباز شریف نے کابینہ اراکین کو کہا کہ میں آپ کو مبارکباد دیتا ہوں، دل کی گہرائیوں سے آپ سب کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

کابینہ کی منظوریاں

وفاقی کابینہ نے وزارت ہوا بازی کی سفارش پر ایئر سیال کو چین، ملائشیا، سری لنکا، تھائی لینڈ، ترکیہ، برطانیہ اور کویت میں فلائٹ آپریشنز شروع کرنے کی منظوری دے دی۔

یہ منظور ی نیشنل ایوی ایشن پالیسی 2023 اور ایئر سروسز ایگریمنٹ کے تحت دی گئی ہے۔

وفاقی کابینہ نے وزارت تجارت کی سفارش پر اسلامی جمہوریہ پاکستان اور کنگڈم آف کولمبیا کے درمیان مشترکہ تجارتی کمیٹی کے قیام حوالے سے مفاہمتی یادداشت پر دستخط، جبکہ وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر ڈائریکٹوریٹ جنرل آف اسپیشل ایجوکیشن کو وفاقی وزارت انسانی حقوق سے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کے حوالے کرنے کی بھی منظوری دے دی۔

وفاقی کابینہ نے کابینہ کمیٹی برائے چینی سرمایہ کاری منصوبہ جات کی 30 اپریل 2024 کو ہوئے اجلاس میں کیے گئے فیصلوں کی توثیق بھی کردی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں