اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے سانحہ منیٰ کے دوران 45 پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

ڈان نیوز کے مطابق انہوں نے کہا کہ سانحے میں اب تک 53 پاکستانی تاحال لاپتہ ہیں تاہم انہیں جلد تلاش کرلیا جائے گا۔

انہوں نے بتایا کہ مختلف ہسپتالوں میں 39 زخمی زیر علاج ہیں جبکہ 29 کو ڈسچارج کردیا گیا ہے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ مکہ مکرمہ اور جدہ کے مختلف ہسپتالوں میں دس پاکستانی زیرعلاج ہیں۔

خیال رہے کہ سعودی حکام نے سانحے میں مجموعی طور پر کم از کم 1100 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی ہے۔

اس سے قبل سانحہ منیٰ کے حوالے سے وزیراعظم نواز شریف کی جانب سے مقرر کئے جانے والی خصوصی ترجمان ممبر قومی اسمبلی طارق فضل چوہدری نے بتایا کہ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ سانحہ منیٰ میں ہلاک ہونے والے حاجیوں کے اہل خانہ میں سے دو یا تین افراد کو حج مشن مکمل ہونے کے فوری بعد عمرے کی ادائیگی کے لئے سعودی عرب بھیجا جائے گا۔

طارق فضل چوہدری کا کہنا تھا کہ حکومتی کوششوں سےاب تک 228 پاکستانی حجاج کا ان کے اہلخانہ سے رابطہ کرادیا گیا۔

واقعے میں لاپتہ پاکستانیوں کے رشتے داروں کو اپنے پیاروں کی معلومات حاصل کرنے کے لیے سعودی عرب میں ٹول فری نمبر 08001166622 جبکہ سعودی عرب سے پاکستان کال کرنے والوں کے لیے لینڈ لائن نمبر 924235880054 جاری کیا گیا ہے.

اس کے علاوہ 9661252775350 کے ذریعے منیٰ سے براہ راست معلومات بھی حاصل کی جاسکتی ہیں.

تبصرے (0) بند ہیں