گوئٹےمالا : مٹی کا تودہ سے 25 ہلاکتیں

اپ ڈیٹ 03 اکتوبر 2015
سینٹا کیٹارینا پینولا کا وہ علاقہ جہاں مٹی کا تودہ گرنے سے درجنوں گھر تباہ ہوئے ۔۔۔ فوٹو:رائٹرز
سینٹا کیٹارینا پینولا کا وہ علاقہ جہاں مٹی کا تودہ گرنے سے درجنوں گھر تباہ ہوئے ۔۔۔ فوٹو:رائٹرز

گوئٹے مالا سٹی: وسطی امریکی ملک گوئٹے مالا کے دارالحکومت کے نواحی علاقے سینٹا کیٹارینا پینولا میں مٹی کا تودہ گرنے سے کم از کم 25 افراد ہلاک اور سیکڑوں لاپتہ ہوگئے۔

مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ حالیہ تیز بارشوں کے باعث پیش آیا جس سے وادی کے درجنوں گھر مٹی کا ڈھیر بن گئے۔

گوئٹے مالا کی ڈیزاسٹر ایجنسی 'کونریڈ' کے سربراہ الین جانڈرو مالڈو ناڈو نے واقعے کے حوالے سے پریس کانفرنس کے دوران بتایا کہ تودہ گرنے سے 125 گھر تباہ ہوئے جبکہ تقریباً 600 افراد تاحال لاپتہ ہیں۔

امدادی ٹیم کے ترجمان جولیو شانشے کا کہنا تھا گھروں کے ملبے سے اب تک 25 افراد کی لاشوں کو نکالا جاچکا ہے، جو تعداد کے لحاظ سے ان کے پہلے کے بیان سے ایک کم ہے۔

حادثے کا نشانہ بننے والے ایک گھر کی رہائشی 35 سالہ میلینا ہیڈالگو نے پریشانی اور افسردگی کی حالت میں بتایا کہ علاقے کے تمام لوگ ایک خاندان کی طرح آپس میں مل جل کر رہتے تھے ، اس لئے ان کے پڑوسیوں کی موت پر انہیں ایسا لگ رہا ہے جیسے ان کا کوئی بہت قریبی گزر گیا ہے۔

خیال رہے کہ اکتوبر 2005 میں بھی گوئٹے مالا کے علاقے پناباجی میں تیز بارشوں کے بارش مٹی کا تودہ گرنے کا واقعہ پیش آیا تھا جس میں پورا گاؤں تباہ ہوگیا تھا جبکہ واقعے میں سیکڑوں افراد ہلاک اور متعدد لاپتہ ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں