نندی پور پلانٹ: بجلی کی پیداوار کا پھر آغاز

اپ ڈیٹ 22 اکتوبر 2015
پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کو آئندہ 3 سے 4 روز میں 425 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا — فائل فوٹو/ آن لائن
پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کو آئندہ 3 سے 4 روز میں 425 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا — فائل فوٹو/ آن لائن

اسلام آباد: دو ماہ کی بندش کے بعد نندی پور پاور پلانٹ سے دوبارہ بجلی کی پیداوار کا آغاز ہوگیا ہے۔

ڈان نیوز نے باوثوق ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ واپڈا کے انجینئیرز نے چینی کمپنی کے ساتھ مل کر پاور پلانٹ کو آپریشنل کیا.

دوبارہ آغاز کے بعد پاور پلانٹ سے 230 میگاواٹ بجلی کی پیداوار کو یقینی بنا لیا گیا ہے جو نیشنل گرڈ میں شامل کی جارہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ پلانٹ سے بجلی کی پیداوار کو آئندہ 3 سے 4 روز میں 425 میگاواٹ تک لے جایا جائے گا تاہم اگر فرنس آئل کے پاور ٹریٹمنٹ پلانٹ کی صلاحیت کو نہیں بڑھایا گیا تو پلانٹ سے بجلی کی پیداوار پھر گھٹ جائے گی۔

یہ پڑھیں : نندی پور پلانٹ کے ڈائریکٹر کا تبادلہ

خیال رہے کہ نندی پور پاور پلانٹ کا رواں سال 31 مئی کو افتتاح کیا گیا تھا تاہم تکنیکی خرابیوں کے باعث محض 5 دن بعد ہی پراجیکٹ کو بند کردیا گیا تھا۔

پلانٹ سے بجلی کی پیداوار بند ہونے پر سیاسی حلقوں کی جانب سے حکومت کو شدید تنقید کا بنایا گیا جبکہ اس دوران پلانٹ کے حوالے سے چند وزرا کے درمیان کشیدگی بھی سامنے آئی۔

یہ بھی پڑھیں : نندی پور پلانٹ: نئے پراجیکٹ ڈائریکٹر کی تقرری

مختلف حلقوں کی جانب سے دباؤ بڑھنے پر وزیر اعظم نواز شریف نے تقریباً 2 ہفتے قبل وفاقی کابینہ کی کمیٹی برائے توانائی کے اجلاس کے بعد پلانٹ کے مینیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) کیپٹن (ر) محمد محمود کے تبادلے کی ہدایت جاری کردی۔

کیپٹن (ر) محمد محمود کا پلانٹ کے ایم ڈی کی حیثیت سے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے انتخاب کیا تھا۔

اجلاس میں وزارت پانی و بجلی کی جانب سے وزیر اعظم کو یہ یقین دہانی کرائی گئی تھی اگر بیرونی مداخلت کے بغیر پلانٹ کا مکمل کنٹرول وزارت کو دیا جاتا ہے تو وہ تین سے چار ہفتوں میں اسے آپریشنل کردے گی۔

مزید پڑھیں : نندی پور پلانٹ : ’لاگت میں اضافہ کیا جائے‘

چند روز قبل شہزاد اکبر کی بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر تقرری عمل میں آئی جبکہ وزیر اعظم کی جانب سے پلانٹ کا مکمل کنٹرول وزارت پانی و بجلی کو دیے جانے کے بعد وزارت نے پلانٹ کو دوبارہ آپریشنل کرنے کے لیے پاور جنریشن کمپنیوں کے انجینئرز کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں