’شاہ رخ اور عامر اب رائے دینے سے بھی ڈریں گے‘

04 فروری 2016
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور — فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس
بولی وڈ اداکارہ سونم کپور — فوٹو بشکریہ انڈین ایکسپریس

بولی وڈ اداکارہ سونم کپور کا اداکار عامر خان اور شاہ رخ خان کے عدم برداشت کے بیانات کے حوالے سے کہنا ہے کہ دونوں منفی ردعمل کے باعث اب میڈیا میں اپنی رائے دینے سے گھبرائیں گے۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق اپنی آنے والی فلم نیرجا کے ایک گانے ’آنکھیں ملیں گی ڈر سے‘ کی رونمائی کی تقریب پر سونم کپور نے شاہ رخ اور عامر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’صرف تصور کریں ہم نے شاہ رخ اور عامر کے ہندوستان میں بڑھتی عدم برداشت پر دیے گئے بیان کے بعد کیسا ردعمل دیا تھا۔ اب وہ منفی ردعمل کے باعث اپنی بات بتانے اور تبصرہ کرنے سے بھی ڈریں گے‘۔

سونم کا ماننا ہے کہ ملک میں رہنے والے تمام افراد کو ایک دوسرے کی ذاتی رائے کا خیال کرنا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا ’ہمیں ایسے لوگوں کی حمایت کرنی چاہیے جن کی اپنی رائے ہوتی ہے پھر چاہے وہ اچھی ہو یا بری۔ سب کو اپنی بات کہنے کا حق ہے‘۔

مزید پڑھیں: ’شاہ رخ خان پاکستانی ایجنٹ اور غدار‘

سونم کا مزید کہنا تھا کہ اداکاروں کی ذاتی رائے پر اتنا تنقیدی ردعمل دینا صحیح نہیں ہے اس سے وہ اپنی رائے کا اظہار کرنا بن کردیں گے۔

واضح رہے کہ گزشتہ سال شاہ رخ خان اور عامر خان نے ہندوستان میں بڑھتی عدم برداشت پر بیان دیا تھا جس کے بعد دونوں اداکاروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: عامر خان پاکستان چلے جائیں، شیو سینا

شاہ رخ کا اپنی 50ویں سالگرہ کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا ’ ’یہاں عدم برداشت ہے۔۔۔ یہاں انتہائی عدم برداشت ہے۔۔۔ میں سمجھتا ہوں۔۔۔ یہاں عدم برداشت میں اضافہ ہوا ہے۔‘

انھوں نے کہا کہ ’یہ احمقانہ ہے۔۔۔ برداشت نہ کرنا ایک پاگل پن ہے اور یہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے... حب الوطن ہوتے ہوئے ایسے سیکولر ملک میں مذہبی عدم برادشت ایک انتہائی جرم ہے۔‘

دوسری جانب عامر خان نے بھی اس سے متعلق تشویش کا اظہار کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: شاہ رخ ’عدم برداشت‘ پر سوال گول کر گئے

عامر کا کہنا تھا کہ کسی بھی معاشرے کے لیے تحفظ اور انصاف کا احساس ہونا بہت ضروری ہے.

ان کا کہنا تھا کہ اگر فنکار عدم تحفظ اور ملک میں اتنہا پسندی کے بڑھتے رجحان پر ایوارڈ واپس کر رہے ہیں تو اس میں کوئی برائی نہیں۔

دونوں اداکاروں کے ان بیانات کے بعد ہندوستان میں ان کے خلاف متعدد مظاہرے کیے گئے اور اس ہی سلسلے میں ان کی آںے والی فلموں کو بھی مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ بھی پڑھیں: 'جذبات مجروح کرنے پر' عامر خان اور اہلیہ پر مقدمہ

بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنما کیلاش وجے وارگیا نے شاہ رخ خان پر پاکستانی ایجنٹ اور غدار ہونے کا الزام لگایا جبکہ عامر خان کے دیے ہوئے بیان کے بعد ان پر اور ان کی اہلیہ پر جذبات کو مجروع کرنے کے خلاف ایف آئی آر درج کرائی گئی تھی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں