اسلام آباد: صوبہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف اضلاع میں گذشتہ 5 روز سے جاری موسلادھار اور طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد 42 تک پہنچ گئی۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے ایف پی‘ نے انتظامیہ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر ہلاکتیں شدید بارش کے باعث چھتیں گرنے سے ہوئیں۔

نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے مطابق بارشوں سے ہلاکتوں کے علاوہ اب تک 70 افراد زخمی اور 75 مکانات بھی تباہ ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : ملک میں طوفانی بارشوں کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 27 ہوگئی

واضح رہے کہ ملک کے مختلف حصوں میں گزشتہ جمعرات سے شروع ہونے والی بارشوں سے خیبر پختونخوا اور بلوچستان سب سے زیادہ متاثر ہوئے، جس کے باعث ان علاقوں میں کئی کچے مکانات گر گئے۔

خیبر پختونخوا کے بالائی علاقوں میں اب بھی بادل چھائے ہوئے ہیں اور وقفے وقفے سے ہلکی اور تیز بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ حالیہ بارشوں سے خیبر پختونخوا کا ضلع مردان سب سے زیادہ متاثر ہوا ہے۔

دوسری جانب موسمیات نے آئندہ 24 گھنٹے کے دوران کشمیر، اسلام آباد، راولپنڈی، گجرانوالہ، مالاکنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان ڈویژن، گلگت بلتستان اور فاٹا میں گرج چمک کے ساتھ مزید بارش اور پہاڑوں پر برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں