'را'کی مداخلت:آرمی چیف کاایرانی صدر سے تبادلہ خیال

اپ ڈیٹ 26 مارچ 2016
— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر
— فوٹو: بشکریہ آئی ایس پی آر

اسلام آباد: آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر حسن روحانی سے ملاقات میں انہیں ہندوستانی خفیہ ایجنسی ’را‘ کی ملک کے اندرونی معاملات خصوصاً بلوچستان میں مداخلت سے آگاہ کیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف اسٹاف جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر سے اسلام آباد میں ملاقات کی.

آرمی چیف اور ایرانی صدر کی ملاقات میں خطے میں سلامتی کی صورتحال اور دونوں ممالک کے تعلقات کے ساتھ ساتھ رابطوں کو بہتر کرنے پر بات چیت کی گئی، جبکہ دونوں ممالک کی سرحدی سیکیورٹی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

جنرل راحیل شریف نے ایرانی صدر کو پاکستان کو درپیش چیلنجز اور ہندوستان کے خفیہ ادارے ’را‘ کی پاکستان کے اندرونی معاملات خصوصًا بلوچستان میں مداخلت سے آگاہ کیا۔

ملاقات کے دوران مہمان صدر نے پاک فوج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشن ’ضربِ عضب‘ میں کامیابیوں کو سراہا۔

’معاشی اہداف کے حصول کیلئے دہشتگردی سے جلد نمٹنا ہوگا‘

قبل ازایں پاک ۔ ایران مشترکہ بزنس فورم سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ معاشی اہداف کے حصول کے لیے دہشت گردی اور توانائی بحران سے جلد نمٹنا ہوگا، جبکہ معاشی انقلاب سے ناصرف پاکستان بلکہ پورے خطے میں خوشحالی آئے گی۔

یہ بھی پڑھیں : پاکستان اور ایران مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر متفق

انہوں نے ایرانی صدر کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے برادرانہ تعلق کو شراکت داری میں بدلنا وقت کی ضرورت ہے۔

ایران صدر حسن روحانی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کو ایک خوشحال اور ترقی یافتہ ملک دیکھنا چاہتا ہے، جبکہ پاکستان اور ایران باہمی تعاون سے معاشی ترقی حاصل کر سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ علاقائی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اقتصادی استحکام ضروری ہے اور ہماری اور پاکستان کی سلامتی اور ترقی ایک دوسرے سے منسلک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران، پاکستان کے ساتھ تیل اور گیس کے شعبوں میں تعاون کے لیے تیار ہے، جبکہ ہم پاکستان کے ساتھ ٹرانزٹ اور سیاحت کے شعبوں میں بھی تعاون بڑھانا چاہتے ہیں۔

اس موقع پر پاکستان اور ایران کے مرکزی بینکوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے معاہدے پر بھی دستخط ہوئے۔

یاد رہے کہ حسن روحانی گزشتہ روز دو روزہ دورے پر پاکستان پہنچے تھے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں