کینیڈا: جنگل کی آگ طویل عرصے تک نہ بجھنے کا خدشہ

08 مئ 2016
فورٹ میک مری میں 5 دن سے لگی آگ مزید بے قابو ہوگئی — فوٹو: اے پی
فورٹ میک مری میں 5 دن سے لگی آگ مزید بے قابو ہوگئی — فوٹو: اے پی

البرٹا: کینیڈا کے شہر فورٹ میک مری میں 5 دن سے لگی آگ پر قابو نہیں پایا جاسکا جبکہ حکام نے اس بات کا بھی خدشہ ظاہر کیا ہے کہ یہ آگ دگنا ہوکر متاثرہ البرٹا سے متصل صوبے ساسکچیوان تک پہنچ سکتی ہے۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق حکام نے اس بات کی پیشن گوئی کی ہے کہ درجہ حرارت 20 ڈگری سے اوپر رہ سکتا ہے اور 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا بھی خدشہ ہے، ان حالات میں جنگلی علاقوں میں اس آگ میں دوگنا اضافہ ہو سکتا ہے۔

امریکی خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق کینیڈین حکام کا کہنا ہے کہ آگ پر قابو پانے میں کئی ماہ بھی لگ سکتے ہیں جس نے البرٹا آئل سینڈز کے علاقے کو نقصان پہنچانا شروع کردیا ہے۔

سعودی عرب اور وینزیولا کے بعد کینیڈا کے البرٹا آئل سینڈز میں دنیا کے تیسرے بڑے تیل کے ذخائر ہیں، آتشزدگی کے بعد یہاں سے تیل کی پیداوار بھی بند ہوگئی ہے،تیز ہوا کے باعث آگ نے تیل کے کنووں کا رخ کر لیا ہے۔

متاثرہ علاقے میں تیل کے کنووں پر کام کرنے والے 19 ہزار مزدوروں کو 2 دن میں نکال نکالا جا چکا ہے، 12ہزار مزدوروں کو ہنگامی پروازوں اور 7 ہزار کو زمینی راستے سے محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا۔

البرٹا کی مقامی حکومت کا کہنا تھا کہ یہ آگ 4لاکھ 94ہزار ایکڑ پر جنگلات اور دیگر عمارات کو جلا سکتی ہے ، گرم اور خشک موسم میں چلنے والی ہواؤں کی وجہ سے اس میں مزید اضافہ بھی ہو سکتا ہے۔

تصاویر دیکھیں: کینیڈا کے جنگل میں لگنے والی آگ سے شہر تباہ

البرٹا کی وزیراعلیٰ ریچل نوٹلی کا کہنا ہے کہ اس آگ پر فوری طور پر کسی صورت قابو نہیں پایا جاسکتا۔

تاہم اتوار اور پیر کے روز بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے جس سے حالات میں بہتری آسکتی ہیں۔

حکومت نے فورٹ مک مری کو خالی کرنے کا اعلان کیا تھا جس کے بعد شہر کے 88ہزار رہائشیوں کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا جا چکا ہے۔

اس آگ سے ابھی تک 1600 عمارتوں کو نقصان پہنچ چکا ہے، شہر کا پانی پینے کے قابل نہیں جبکہ فضا میں دھواں چھایا ہوا ہے۔

حکام کا کہنا ہے کہ شہر میں لوگوں کی واپسی کے لیے فی الحال کوئی وقت نہیں دیا جاسکتا۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں