ٹوپلی پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز سے باہر

ریس ٹوپلی نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں—فوٹو: اے ایف پی
ریس ٹوپلی نے پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں 6 وکٹیں حاصل کی تھیں—فوٹو: اے ایف پی

لندن: انگلینڈ کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ باؤلر ریس ٹوپلی انجری کی وجہ سے تین ماہ کے لیے کرکٹ سے باہر ہوگئے ہیں جس کے باعث اگست میں پاکستان کے خلاف ون ڈے سیریز میں ان کی شرکت مشکوک ہوگئی ہے۔

گارجین کی رپورٹ کے مطابق 22 سالہ ریس ٹوپلی کمر کی تکلیف کا شکار ہوگئے ہیں اور سری لنکا کے خلاف اگلے ماہ ہونے والی ون ڈے سیریز سے بھی باہر ہوگئے ہیں جبکہ انھیں تین ماہ کے لیے آرام دیا گیا ہے۔

ریس ٹوپلی نے انگلینڈ کو متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی سریز میں کامیابی کے لیے اہم کردار ادا کیا تھا۔

انگلینڈ نے پاکستان کو 4 میچوں کی ون ڈے سیریز میں 3-1 سے شکست دی تھی جس میں ریس ٹوپلی نے 35.8 کی اسٹرائیک ریٹ سے 6 وکٹیں اپنے نام کی تھیں۔

گزشتہ سال نومبر میں کھیلی گئی ٹی ٹوئنٹی سیریز میں پاکستان کو انگلینڈ کے ہاتھوں 2-0 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا اور ٹوپلی نے 24 رنز دے کر 3 وکٹیں حاصل کی تھیں جہاں انھیں کرس جارڈن کے ساتھ نئی گیند تھمادی گئی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: دورہ انگلینڈ کیلئے 22 ممکنہ کھلاڑیوں کا اعلان

ریس ٹوپلی کمرمیں درد کے باعث اگست تک کرکٹ نہیں کھیل پائیں گے جبکہ پاکستان اپنے دورہ انگلینڈ میں 24 اگست سے 4 ستمبر تک ون ڈے سیریز کھیلے گا۔

پاکستان نے دورہ انگلینڈ کی تیاریوں کے سلسلے میں کھلاڑیوں کے لیے فٹنس کیمپ کا انعقاد کیا ہے جبکہ دورے کے لیے 22 ممکنہ کھلاڑیوں کے ناموں کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں