کراچی: ناروے کی ٹیلی کام کمپنی ‘ٹیلی نار’ نے پاکستان میں 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر میں فور جی (4G) انٹرنیٹ کا لائسنس حاصل کرلیا۔

اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق 2014 میں پاکستان میں پہلی بار فور جی براڈ بینڈ انٹرنیٹ کی نیلامی ہوئی تھی جس میں چینی کمپنی زونگ کو 21 کروڑ ڈالر میں لائسنس جاری کیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ زونگ اور متحدہ عرب امارات کی کمپنی وارد کو تھری جی انٹرنیٹ کے لائسنسز بھی جاری کیے گئے تھے۔

تھری اور فور جی لائسنسز کی نیلامی سے حکومت کو مجموعی طور پر 1.2 ارب ڈالر حاصل ہوئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا تھری جی، فورجی کی نیلامی کامیاب رہی؟

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کی سالانہ رپورٹ کے مطابق 2015 کی پہلی سہہ ماہی میں پاکستان لائے جانے والے اسمارٹ فونز کی تعداد میں 123 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا تھا اور پاکستان میں اسمارٹ فونز استعمال کرنے والوں کی تعداد میں اضافے کی شرح دیگر ترقی پذیر ممالک سے زیادہ رہی۔

مزید پڑھیں: تھری جی، فور جی … ہیں جی!؟

اس کے بعد سے پاکستان میں انٹرنیٹ براڈ بینڈ کے شعبے میں انقلاب برپا ہوا اور انٹرنیٹ استعمال کرنے والوں کی تعداد 19 لاکھ سے بڑھ کر دو کروڑ 90 لاکھ تک جاپہنچی، یہ شرح ہندوستان، بنگلہ دیش اور نیپال سے بھی زیادہ ہے۔

پی ٹی اے کی جانب سے فور جی لائسنس کی نیلامی میں مقامی اور بین الاقوامی کمپنیوں نے حصہ لیا اور ٹیلی نار لائسنس حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

پی ٹی اے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق 850 میگا ہرٹز (MHz) بینڈ کا لائسنس 39 کروڑ 50 لاکھ ڈالر کی بنیادی قیمت کے عوض شیڈول کے مطابق جاری کیا جائے گا۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ٹیلی نار کو رقم کی ادائیگی کے 30 یوم کے اندر لائسنس جاری کردیا جائے گا۔

یاد رہے کہ ٹیلی نار پاکستان مکمل طور پر ناروے کے ٹیلی نار گروپ کی ملکیت ہے جو دنیا کے بڑے موبائل آپریٹرز میں سے ایک ہے۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں