لندن : عالمی مارکیٹ میں سونے کی قیمتیں دو ہفتوں کی کم ترین سطح پر آگئیں۔

برطانیہ میں یورپی یونین سے علیحدگی کے حوالے سے 23 جون کو ہونے والے ریفرنڈم پر دنیا پھر کی نظریں جمی ہوئی ہیں اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اگر برطانیہ نے یورپی یونین سے علیحدگی کا فیصلہ کیا تو اس کا عالمی معیشت پر منفی اثر پڑے گا۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق عالمی منڈی میں اسپاٹ گولڈ کی قیمت 0.2 فیصد کمی کے بعد ایک ہزار 266 ڈالر فی اونس ہوگئی جبکہ امریکی سونے کی قیمت 0.3 فیصد کمی کے بعد ایک ہزار 268.30 ڈالر فی اونس پر آگئی۔

اقتصادی تجزیہ کار میتھیو ٹرنر کا کہنا ہے کہ برطانیہ کے یورپی یونین میں رہنے کا مطلب یہ ہوگا کہ امریکا کا فیڈرل ریزرو ممکنہ طور پر شرح سود میں اضافہ کردے گا جس کا منفی اثر سونے کی قیمتوں پر پڑے گا۔

دنیا کے سب سے بڑے ایکسچینج ٹریڈڈ فنڈ ای پی ڈی آر گولڈ ٹرسٹ میں موجود سونے کا حجم 0.10 فیصد اضافے کے بعد 908.77 ٹن تک پہنچ گیا ہے۔

اس کے علاوہ دیگر قیمتی دھاتوں میں چاندی کی قیمت ایک فیصد کمی کے بعد 17.32 ڈالر فی اونس، پلاٹینم کی قیمت 1.1 فیصد کمی کے بعد 975.78 ڈالر فی اونس اور پلاڈیم کی قیمت 0.9 فیصد کمی کے بعد 541.75 ڈالر فی اونس ہوگئی۔

یہ خبر 22 جون 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں