کراچی: اسٹیٹ بینک آف پاکستان (ایس بی پی) نے عظیم فلاحی رہنما عبدالستار ایدھی کی انسانیت کے لیے خدمات کے اعتراف میں یادگاری سکے جاری کرنے کا اعلان کردیا۔

ایس بی پی کے ترجمان عابد عمر نے بتایا کہ ہفتے کے روز عبدالستار ایدھی کے حوالے سے ایک تعزیتی ریفرنس کا انعقاد کیا جائے گا جس میں یادگاری سکے کے حوالے سے مزید تفصیلات سامنے لائی جائیں گی۔

واضح رہے کہ پاکستان میں عبدالستار ایدھی کو انسانیت کی خدمت کے اعتبار سے لیجنڈ کا درجہ حاصل ہے، انہوں نے خالی ہاتھ اپنا سفر شروع کیا اور ایک فلاحی سلطنت کھڑی کردی۔

یہ بھی پڑھیں:عبدالستار ایدھی، قوم کے ایک عاجز ہیرو

عبدالستار ایدھی نے تنہا ہی پاکستان کے سب سے بڑے فلاحی ادارے کی بنیاد رکھی جس کا سارا دارومدار عوامی چندے پر ہے۔

2013 میں عبدالستار ایدھی کے گردے ناکارہ ہوگئے تھے تاہم ان کی صحت اس بات کی اجازت نہیں دیتی تھی کہ ان کے گردے تبدیل کردیئے جائیں۔

مزید پڑھیں:گوگل بھی عبدالستار ایدھی کی خدمات کا معترف

وہ کافی عرصہ سندھ انسٹیٹوٹ آف یورولوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ (ایس آئی یو ٹی) میں زیر علاج رہے۔

گزشتہ ہفتے معمول کے ڈائیلاسز کے دوران ان کی سانس اکھڑ گئی تھی جس کے بعد ڈاکٹرز نے انہیں مصنوعی تنفس پر رکھنے کا فیصلہ کیا تاہم وہ جمعہ 8 جولائی کی شب 88 برس کی عمر میں انتقال کرگئے۔

یہ بھی پڑھیں:کراچی کا ہاکی اسٹیڈیم ایدھی کے نام سے منسوب

ایدھی کی نماز جنازہ میں اعلیٰ سیاسی و عسکری قیادت سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے ہزاروں افراد نے شرکت کی۔

بعد ازاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا اور مکمل سرکاری اعزاز کے ساتھ ایدھی ولیج میں سپردخاک کردیا گیا۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں