پروفیشن کوئی بھی ہو مگر انٹری 'دبنگ' ہونی چاہیے، ایسا آغاز جو آپ کی پہچان بن جائے، تبھی تو کہتے ہیں کہ 'فرسٹ امپریشن از دا لاسٹ امپریشن'۔

پرو ریسلنگ کے اکھاڑے میں بھی وہی نام اور پہلوان برسوں تک یاد رہ جاتے ہیں جو جسمانی طاقت اور اعصاب کی جنگ لڑنے کے لیے رِنگ میں آئے اور چھا گئے۔

ڈبلیو ڈبلیو ای کی 50 سال سے زائد تاریخ میں کچھ ایسے بھی ریسلر گزرے ہیں جنہوں نے آتے ہی حریف پہلوانوں پر اپنی ایسی دھاک بٹھادی کہ کئی برس بیت جانے کے بعد بھی ریسلنگ میں ان کا رعب اور دبدبہ ٹس سے مس نہ ہوا اور لوگ ان کی بے مثال شروعات کی مثالیں دیتے رہتے ہیں۔

کین

فوٹو بشکریہ — کین فیس بک پیج
فوٹو بشکریہ — کین فیس بک پیج

اگرچہ 1990 میں انڈر ٹیکر نے ریسلنگ کی دنیا میں اپنی انٹری سے تہلکہ مچا دیا تھا، مگر ان کے سوتیلے بھائی گلین تھامس جیکبس المعروف 'کین' نے 7 سال بعد 1997 میں ان سے بھی بہتر انداز میں شروعات کرتے ہوئے ریسلنگ کے مداحوں کو ایک نئے سپر اسٹار سے روشناس کروایا۔ کین آج کل ڈبلیو ڈبلیو ای کی براڈ 'سمیک ڈاؤن' سے وابستہ ہیں۔ 1998 میں جب کین پہلی بار پے پر ویو کے مین ایونٹ کنگ آف دی رنگ میں شریک ہوئے تو انہوں نے اسٹون کولڈ اسٹیو آسٹن کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے سب کے دل جیت لیے۔ کین اپنے کیریئر میں کئی بار سوتیلے بھائی انڈر ٹیکر سے بھی نبرد آزما ہوئے۔

انڈر ٹیکر

فوٹو بشکریہ/ انڈر ٹیکر فیس بک پیج
فوٹو بشکریہ/ انڈر ٹیکر فیس بک پیج

ڈبلیو ڈبلیو ای کو کئی تاریخ ساز ریسلرز متعارف کروانے کا اعزاز حاصل ہے۔ ان میں ایک معتبر نام انڈر ٹیکر کا بھی ہے، معروف ریسلر بگ مین مشین 'کین' ان کے سوتیلے بھائی ہیں۔ صاف ستھری، جعلسازی سے پاک اور منفی ہتھکنڈوں سے عاری ریسلنگ کرنا انڈر ٹیکر کی پہچان رہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ حریف ریسلرز کے لیے دہشت کی علامت رہے ہیں۔ 1989 میں ڈبلیو سی ڈبلیو سے الگ ہوکر اگلے سال 1990 میں وہ ڈبلیو ڈبلیو ای سے منسلک ہوگئے، جہاں انہوں نے مجموعی طور پر 8 بار عالمی چیمپیئن کا تاج اپنے سر پر سجایا۔

ان کے جیسا رعب اور دبدبہ بہت کم ریسلرز کے حصے میں آیا ہے۔ وہ اکثر گروپ میں بطور مسٹری پارٹنر شامل ہوتے تھے۔ اپنے 30 سالہ کیریئر میں انڈر ٹیکر جس گیٹ اپ اور حلیے میں رنگ کی طرف بڑھتے تھے وہ قابل دید ہوتا تھا۔ کیریئر کی شروعات میں انڈر ٹیکر 'ریسل مینیا' کے ایک میچ میں جلوہ گر ہوئے اور فیجی کے ریسلر جمی 'سپر فلائی' نوکا کو مات دے دی، کچھ مہیںوں بعد انہوں نے نامور ریسلر دی الٹیمیٹ واریئر پر حملہ کر کے ان کو ایک ایئر ٹائٹ تابوت میں بند کیا، انڈر ٹیکر کا یہ بے رحمانہ انداز دیکھ کر دیگر ریسلرز پر دہشت سی طاری ہوگئی۔

فن بیلور

فوٹو بشکریہ — فن بیلور فیس بک پیج
فوٹو بشکریہ — فن بیلور فیس بک پیج

کہا جاتا ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ریسلنگ میں فن بیلور جیسی شاندار انٹری آج تک کسی نے نہیں دی، ایک ایسی شروعات جس کی دیگر تمام ریسلرز تمنا کریں۔ آئرش ریسلر فن بیلور کو 15 مئی 2014 میں ڈبلیو ڈبلیو ای کے این ایکس ٹی پروموشن کے لیے چُنا گیا، 23 اکتوبر کے دن فن بیلور نے اپنے ڈیبیو میچ میں ایتامی کے ساتھ مل کر ڈبلز مقابلے میں اپنے مضبوط حریف ریسلرز جسٹن گیبریل اور ٹائیسن کڈ کو شکست دی، فن کو اپنا این ایکس ٹی ٹائٹل ریکارڈ 292 دن تک برقرار رکھنے کا اعزاز بھی حاصل ہوا، فن بیلور کو 2016 کے ڈبلیو ڈبلیو ای ڈرافٹ میں شامل کیا گیا اور تبھی انہوں نے ڈبلیو ڈبلیو ای یونیورسل میں سابق گولڈن چائلڈ ریسلر رومن رینز کو شکست کا ایسا مزہ چکھایا کہ ریسلنگ کے ایوانوں میں ہلچل مچ گئی۔

دی راک

فوٹو بشکریہ — ڈوائن جانسن/ فیس بک پیج
فوٹو بشکریہ — ڈوائن جانسن/ فیس بک پیج

ریکارڈ 8 بار ورلڈ چیمپیئن کا اعزاز حاصل کرنے والے دی راک (ڈوائن جانسن) نے ریسلنگ کیریئر کی شروعات 1996 کی سروائیور سیریز سے کی، سچ تو یہ ہے کہ ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں ہلگ ہوگن کے بعد راک کو سب سے مقبول ترین ریسلر سمجھا جاتا ہے، ڈبلیو ڈبلیو ای میں یوں تو کئی نامور چیمپیئن آئے لیکن جو مقبولیت، محبت اور کامیابی راک کو حاصل تھی وہ کسی اور کے نصیب میں نہ رہی۔

17 نومبر 1996 کو سروائیور سیریز کے میچ میں راک پہلی بار ریسلنگ کے افق پر نمودار ہوئے، 8 ریسلرز پر مشتمل ایلیمنیشن راؤنڈ میں وہ سول سروائیور بن کر شریک ہوئے، راک نے سب سے پہلے ریسلنگ میں اپنے باپ اور دادا کے ناموں سے بنا اک نیا نام 'راکی مائیوا' استعمال کیا، راک کے والد راکی جانسن نہ صرف این ڈبلیو اے جارجیا کے چیمپیئن تھے بلکہ وہ ڈبلیو ڈبلیو ایف چیمپیئن جیتنے والی اولین سیاہ فام ٹیگ ٹیم کا حصہ بھی تھے، راک کے دادا پیٹر مائیویا بھی این ڈبلیو ہوائی کے ہیوی ویٹ چیمپیئن تھے، اسی نام سے انہوں نے 13 فروری کے دن پے پر ویو ایونٹ کے مہا دنگل میں سیلویٹوری سنسیئرکو چاروں شانے چت کیا، اس یادگار کامیابی کے بعد ریسلنگ دیکھنے والے وہ شائقین بھی راک کے دیوانے ہوگئے جو پہلے ان کو ناپسند کرتے تھے۔

جان سینا

فوٹو بشکریہ — جان سینا فیس بک بیج
فوٹو بشکریہ — جان سینا فیس بک بیج

ڈبلیو ڈبلیو ای کے سپر اسٹار جان سینا کا شمار موجودہ دور کے عظیم ترین ریسلرز میں ہوتا ہے، امریکی شہر نیو جرسی میں پیدا ہونے والے جان سینا سابق فٹبالر اور اداکار ہونے کے ساتھ ساتھ ہر فن مولا ہیں، 27 جون 2002 کو جان سینا نے پہلی بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے رِنگ میں قدم رکھا اور اپنے پہلے ہی معرکے میں کرٹ اینگل جیسے منجھے ہوئے ریسلر کو خاصا ٹف ٹائم دیا، اگرچہ جان سینا اپنا ڈیبیو میچ جیت نہ سکے لیکن حریف ریسلر کرٹ اینگل اور مداحوں پر اپنے بے رحم داؤ پیچ اور بھرپور طاقت کی دھاک بٹھادی، جان سینا ڈبلیو ڈبلیو ای میں پہلی بار چیمپیئن تب بنے جب انہوں نے ریسل مینیا 21 میں جے بی ایل کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کیا، وہ ورلڈ ہیوی ویٹ اور ڈبلیو ڈبلیو ای چیمپیئن کے 15 سے زائد ٹائٹل جیتنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

براک لیزنر

فوٹو بشکریہ — براک لیزنر / فیس بک پیج
فوٹو بشکریہ — براک لیزنر / فیس بک پیج

4 بار ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپیئن رہنے والے دیو قامت ریسلر براک لیزنر یو ایف سی میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوانے کے بعد سال 2000 میں پہلی بار 2 سالہ معاہدے کے تحت ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے، ان کو ہرانا کسی پہاڑ سے ٹکر مارنے کے مترادف سمجھا جاتا ہے، 25 اگست 2002 کو نیویارک میں منعقدہ سمر سلام مقابلوں میں براک لیزنر نے 25 سال کی عمر میں دی راک کو عبرتناک شکست سے دوچار کر کے سب سے کم عمر عالمی چیمپیئن بننے کا اعزاز حاصل کیا، لیزنر نے اسٹیل کیج (پنجرے والی لڑائی) میں انڈر ٹیکر کی ایسی دھلائی کی کہ وہ لاجواب ہوگیا، جبکہ 2014 کے سمر سلام شو میں براک لیزنر نے جان سینا کو ہرا کر پرستاروں کو خوش کردیا۔

گولڈ برگ

فوٹو بشکریہ — دی سپورٹس
فوٹو بشکریہ — دی سپورٹس

ڈبلیو ڈبلیو ای کو مقبول عام بنانے میں کئی ریسلرز کی خدمات ناقابل فراموش ہیں، ان میں ایک نام گولڈ برگ کا بھی ہے، جو1997 میں کیریئر کے آغاز کے بعد 173 مقابلوں میں ناقابل شکست رہ کر عالمی ریکارڈ کے مالک بنے، یونیورسٹی کے دور کے بہترین فٹبالر گولڈ برگ نے پہلے ڈبلیو سی ڈبلیو میں اپنے وقت کے طاقتور اور مانے جانے ریسلرز ہیوز موریس، راون اور عظیم لیجنڈ ہلک ہوگن کو شکست دے کر ریلسنگ کی دنیا میں تہلکہ مچادیا، گولڈ برگ نے 2001 میں ڈبلیو سی ڈبلیو کو خیرباد کہہ دیا، 2 سال بعد 2003 میں ڈبلیو ڈبلیو ای سے معاہدہ کیا اور 'را' کے پلیٹ فارم پر اپنے پہلے ہی مقابلے میں دی راک کو آؤٹ کلاس کر کے ہیرو بن گئے، بیک لیش کے ڈیبیو میچ میں بھی گولڈ برگ نے دی راک کو دھو ڈالا، وہ ایک بار ڈبلیو ڈبلیو ای کے ورلڈ ہیوی ویٹ چیمپیئن بھی رہے۔

تبصرے (3) بند ہیں

kashif Aug 12, 2016 05:57pm
Well, it is pretty obvious to observe that the shows follow a script or storyline set in advance. The results of all the fights are determined in advance, and the characters play a set role, as in any soap opera.
زیب Aug 12, 2016 06:04pm
شاندار اسٹوری مجھے تو براک لیزنر نے شروعات سے کافی امپریس کیا ھے
abid rehman Aug 12, 2016 10:30pm
نامور ریسلرز کا بھترین مجموئہ، ڈان اسپورٹس میں دوسرے کھیلوں کے ساتھ ساتھ ریسلنگ کے بارے میں بھی لکھا کریں، اکثر کم ہی معلومات ہوتی ہے، شکریہ