اولمپکس: سوئمنگ پول کا پانی پراسرار طور پر ہرا ہو گیا

اپ ڈیٹ 11 اگست 2016
ریو اولمپکس میں اس سوئمنگ پول کا منظر جس کا پای پراسرار طور پر ہرا ہو گیا جبکہ سامنے والے سوئمنگ پول کا پانی بدستور نیلا ہے۔ فوٹو اے پی
ریو اولمپکس میں اس سوئمنگ پول کا منظر جس کا پای پراسرار طور پر ہرا ہو گیا جبکہ سامنے والے سوئمنگ پول کا پانی بدستور نیلا ہے۔ فوٹو اے پی

کیا آپ نے کبھی دنیا کے کسی سوئمنگ پول میں ہرے رنگ کا شفاف پانی دیکھا ہے؟ نہیں ناں لیکن منگل کو برازیل میں جاری ریو اولمپکس میں صورتحال اس وقت انتہائی دلچسپ اور عجیب و غریب ہو گئی جب سوئمنگ پول کا پانی پراسرار طور پر ہرا ہو گیا۔

اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں منتظمین نے ہرے بھرے ماحول کے بارے میں گفتگو تو ضرور کی تھی لیکن اس میں کہیں بھی ہرے رنگ کے پانی کے حامل سوئمنگ پول کا تذکرہ نہیں کیا گیا تھا۔

منگل کو ماریا لینک ایکویٹکس سینٹر میں سوئمنگ پول کا پانی پراسرار طور پر ہرے رنگ میں تبدیل ہو گیا اور اس بارے میں ابھی تک حکام کی جانب سے کوئی واضح جواب نہیں آیا کہ آخر اس کا رنگ یکدم تبدیل کیوں ہو گیا لیکن حکام نے موقف اپنایا ہے کہ یہ پانی مکمل طور پر محفوظ ہے۔

حیران کن امر یہ بھی ہے کہ اس کے بالکل سامنے والے پول میں پانی بالکل اصل رنگ میں تھا۔

اس صورتحال پر ناصرف تمام اولمپیئنز میں تشویش کی لہر دوڑ گئی بلکہ ساتھ ساتھ سوشل میڈیا پر بھی اس حوالے سے اولمپکس منتظمین کی اہلیت پر شبہ کرنے کے ساتھ ساتھ ان کا مذاق بھی اڑایا گیا۔

ریو اولمپکس کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ماریا لینک ایکویٹکس سینٹر میں پانی کے معیار کا ٹیسٹ لیا گیا اور اس میں کوئی خطرے کی بات نہیں، ہم اس کی وجوہات جاننے کی کوشش کر رہے ہیں۔

ترجمان نے امکان ظاہر کیا کہ یہ شاید گرمی اور ہوا کی کمی کے سبب ہوا ہو۔ ہم نے تمام کیمیائی تجزیے کر لیے ہیں، پول کل دوبارہ نیلے رنگ کا ہو گا۔

اپنی ساتھی لیو ہوژیا کے ہمراہ ٹیم گولڈ میڈل جیتنے والی چین کی چین رولن نے کہا کہ پانی نے انہیں نقصان نہیں پہنچایا۔

چوتھی مرتبہ اولمپکس میں حصہ لینے والی میکسکو کی پیراک پاؤلا ایسپی نوسا نے کہا کہ چھ راؤنڈ کے مقابلے میں ہر گزرتے لمحے کے ساتھ پانی کا رنگ گہرا ہوتا جا رہا تھا لیکن پانی میں کوئی بو نہیں تھی اور اس نے ان کی جلد کو کوئی نقصان نہیں پہنچایا۔

'میں نے اپنی زندگی ایسی چیز پہلے کبھی نہیں دیکھی، لیکن یہ برازیل ہے اور یہاں ہر چیز ہری ہے تو ہو سکتا ہے کہ سجانے کیلئے ایسا کیا گیا ہو تاکہ وہ خوبصورت نظر آئے۔

تبصرے (0) بند ہیں