امجد صابری کے ساتھ کوک اسٹوڈیو 9 کا اختتام

23 ستمبر 2016
فوٹو بشکریہ / کوک اسٹوڈیو
فوٹو بشکریہ / کوک اسٹوڈیو
فوٹو بشکریہ / کوک اسٹوڈیو
فوٹو بشکریہ / کوک اسٹوڈیو

پاکستان کا مشہور میوزک شو کوک اسٹوڈیو کے سیزن 9 میں کئی گلوکاروں کی پرفارمنس کے بعد اب معروف قوال امجد صابری اور گلوکار راحت فتح علی خان کے کلام پر اختتام ہوگا۔

سیزن9 کی 7ویں قسط جو کہ اس سیزن کی آخری قسط بھی ہے، 24 ستمبر کو پیش کی جائے گی، یہ اس سیزن کی سب سے طویل قسط ہوگی جس میں 6 گانے شامل کیے جائیں گے۔

واضح رہے کہ اب تک کوک اسٹوڈیو سیزن 9 کی 6 قسطیں ریلیز کی جاچکی ہیں اور ہر قسط میں 4 گانے شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: امجد صابری بھی کوک سٹوڈیو سیزن 9 کا حصہ

کوک اسٹوڈیو کے گرینڈ فنالے میں امجد صابری اور راحت فتح علی خان کا کلام ’آج رنگ ہے‘ پیش کیا جائے گا، یہ امجد صابری کی زندگی کی آخری اسٹوڈیو ریکارڈنگ تھی۔

یاد رہے کہ امجد صابری کو 22 جون 2016 کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے اپنی گولیوں کا نشانہ بنایا تھا جس سےوہ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے تھے۔

امجد صابری نے اس سے قبل کوک اسٹوڈیو کے کسی سیزن میں پرفارم نہیں کیا تھا تاہم ان کے والد اور چچا کی مقبول قوالی ’تاجدار حرم‘ کو گلوکار عاطف اسلم نے بخوبی گایا تھا اور اس کلام کی پیشکش میں امجد صابری نے بھی کوک اسٹوڈیو کی مدد کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: کوک اسٹوڈیو کی پہلی قسط 6 گلوکاروں کی پرفارمنس

’آج رنگ ہے‘ کے علاوہ اس قسط میں گلوکار شانی کا گانا ’نیما نیما‘، شیراز اوپل اور رفاقت علی خان کا گانا ’تو کجا من کجا‘، شجاع اور قرۃالعین بلوچ کا گانا ’سب جگ سوئے‘، فاخر اور نتاشا خان کا گانا ’دل کملا‘ اور نوری کا گانا ’او رے‘ شامل ہیں۔

کوک اسٹوڈیو کے اس سیزن میں 40 گلوکاروں نے پرفارم کیا ہے جبکہ 35 میوزیشنز بھی اس میوزک شو کا حصہ بنیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Ahmed Zarar Sep 23, 2016 07:32pm
Coke studio season 9 is not more than" Coke Studio Blind auditions ". A flop season.