فواد خان 'اے دل ہے مشکل' کی تشہیری مہم سے باہر

اپ ڈیٹ 07 اکتوبر 2016
فواد خان—۔فائل فوٹو
فواد خان—۔فائل فوٹو

ممبئی: بولی وڈ فلم 'اے دل ہے مشکل' کی ریلیز میں محض 2 ہفتے ہی رہ گئے ہیں اور اب ہدایتکار کرن جوہر نے فیصلہ کیا ہے کہ فواد خان کو اس کی تشہیری مہم کا حصہ نہیں بنایا جائے گا۔

فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں رنبیر کپور، انوشکا شرما اور ایشوریا رائے بچن مرکزی کرداروں میں نظر آئیں گے جبکہ پاکستان کے کامیاب اداکار فواد خان اس فلم میں ایک مختصر لیکن اہم کردار ادا کریں گے۔

تاہم انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق پاکستان اور ہندوستان کے درمیان حالیہ کشیدگی کے تناظر میں پاکستانی فنکاروں پر پابندی لگائے جانے کے بعد کرن جوہر نے اپنی فلم کی تشہیری مہم پر نظرثانی کی۔

مزید پڑھیں:فواد خان سے متعلق ہندوستانی میڈیا کی بے بنیاد رپورٹ

ذرائع کے مطابق فلم کے 3 مرکزی اداکار انوشکا شرما، رنبیر کپور اور ایشوریا رائے کرن جوہر کے ہمراہ 'اے دل ہے مشکل' کی تشہیر کریں گے لیکن فواد خان اس کا حصہ نہیں ہوں گے۔

ذرائع نے بتایا، 'فلم کی پروموشن کا آغاز اکتوبر کے وسط سے کیا جائے گا'۔

فلم 'اے دل ہے مشکل' رواں ماہ 28 اکتوبر کو نمائش کے لیے پیش کی جائے گی، تاہم اسے انتہاپسند ہندو جماعتوں کی جانب سے تنقید کا سامنا ہے، جن کا مطالبہ ہے کہ پاکستانی اداکار فواد خان کے سینز کو کسی انڈین اداکار سے تبدیل کیا جائے۔

یہ بھی پڑھیں: 'ڈیئر فواد! اب وقت ہے کہ واپس پاکستان چلے جائیں'

دوسری جانب سینما اونرز ایگزیبیٹرز ایسوسی ایشن آف انڈیا (سی او ای اے آئی) کا کہنا ہے کہ وہ ان ہندوستانی فلموں پر پابندی پر غور کریں گے، جن میں پاکستانی فنکاروں نے کام کیا ہے، ان فلموں میں 'رئیس'، 'اے دل ہے مشکل' اور 'ڈیئر زندگی' شامل ہیں۔

ایسوسی ایشن کے صدر نتنگ داتر نے بتایا، 'تمام ارکان جمعہ 7 اکتوبر کے اجلاس میں اس بات کا فیصلہ کریں گے، تاہم یہ بات واضح ہے کہ جو بھی فیصلہ کیا جائے گا وہ عوام کی خواہش اور جذبات کو مدنظر رکھ کر کیا جائے گا، ہم ان کے خلاف نہیں جائیں گے۔'

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں