اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے مریم اورنگزیب کو وزیر مملکت برائے وزیر اطلاعات و نشریات مقرر کردیا۔

ڈان نیوز کے مطابق مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات و نشریات کا عہدہ فوری طور پر سنبھال لیا ہے۔

مریم اورنگزیب خواتین کی مخصوص نشست پر رکن قومی اسمبلی منتخب ہوئی تھیں۔

ذرائع کے مطابق مریم اورنگزیب وزیراعظم کی بیٹی مریم نواز شریف کی انتہائی قریبی ساتھی ہیں اور ان والدہ طاہرہ اورنگزیب بھی رکن قومی اسمبلی ہیں۔

اس کے علاوہ مریم اورنگزیب پارلیمانی سیکریٹری برائے داخلہ کے عہدے پر بھی فائز ہیں۔

مریم اورنگزیب کو ایک ایسے وقت میں وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مقرر کیا گیا ہے جب ہفتہ 29 اکتوبر کو وزیراعظم نوازشریف نے سیکیورٹی سے متعلق اہم خبر کے حوالے سے کوتاہی برتنے پر پرویز رشید سے وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کا قلم دان واپس لے لیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق رواں ماہ کے اوائل میں ڈان اخبار میں شائع ہونے والی خبر کی ابتدائی تحقیقات کے بعد وزیر اعظم نواز شریف نے پرویز رشید کو مستعفی ہونے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:ڈان کی خبر کی تحقیقات:وزیر اطلاعات سے استعفیٰ لے لیا گیا

بعدازاں وزیراعظم کے ترجمان مصدق ملک نے کہا تھا کہ ڈان اخبار کے صحافی سیرل المیڈا کی خبر کی تحقیقات آخری مرحلے میں داخل ہوگئی ہے اور بہت جلد اس کو قوم کے سامنے لایا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ چوہدری نثار کی سربراہی میں قائم تحقیقاتی کمیٹی تفتیش کررہی ہے، تاہم تمام ذمہ داریاں پرویز رشید پر نہیں ڈالی گئی لیکن غلط خبر کی وجہ سے ان سے استعفیٰ لیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں