اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار کی ہدایت پر کویت میں پاکستانی سفارت خانے میں قائم نیشنل ڈیٹا بیس رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) دفتر سے لاکھوں روپے خرد برد کرنے والے اہلکار کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کرلیا گیا۔

چوہدری نثار نے وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) کو نادرا کے اہلکار عدنان اکرم کے خلاف کارروائی کی ہدایت کی تھی، جو کویت میں پاکستانی سفارت خانے میں واقع نادرا دفتر میں ملازم ہے۔

وفاقی وزیرداخلہ کی ہدایت پر ایف آئی اے نے عدنان اکرم کے خلاف مقدمہ درج کرکے اس کی حراست کیلئے ٹیم کو کویت روانہ کردیا۔

ملزم کا ویزہ منسوخ کرکے پاسپورٹ سفارت خانے نے اپنی تحویل میں لے لیا جبکہ خرد برد کا انکشاف ہوتے ہی ملزم روپوش ہوگیا ہے۔

ملزم پر 2010 سے 2012 تک نادرا اکاؤنٹ میں 82 لاکھ روپے کی خردبرد کا الزام ہے۔

خیال رہے کہ گذشتہ ماہ نادرا نے سینیٹ کی کمیٹی کو ایک دستاویز پیش کی تھی جس میں کہا گیا تھا کہ جعلی شناختی کارڈ کیس کی انکوئری کے دوران کارروائی کرتے ہوئے ادارے کے ملوث 765 ملازمین کو برطرف کردیا گیا جبکہ دیگر 856 کے خلاف انکوئری جاری ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں