17 نومبر کو حفیظ کا باؤلنگ ایکشن برسبین میں

اپ ڈیٹ 09 نومبر 2016
محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو 2015 میں غیرقانونی قرار دیا گیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی
محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو 2015 میں غیرقانونی قرار دیا گیا تھا—فائل/فوٹو: اے ایف پی

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے 17 نومبر کو برسبین آسٹریلیا میں پاکستان کرکٹ ٹیم کے تجربہ کار آل راونڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی تصدیق کردی ہے۔

ڈان نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ 'محمد حیفظ کا باؤلنگ ایکشن ٹیسٹ 17 نومبر کو برسبین میں ہوگا'۔

آئی سی سی کے ترجمان نے کہا کہ 'لوف برگ اور کارڈف کی جانب سے آئندہ چند ہفتوں میں حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے ٹیسٹ سے معذوری ظاہر کردی ہے اس لیے ہم انھیں دسمبر کے پہلے ہفتے میں برسبین بھیجنا چاہتے ہیں اور ٹیم کے دورہ آسٹریلیا سے قبل نتیجہ کے حصول کی کوشش میں ہیں'۔

پاکستان ٹیم اگلے ماہ آسٹریلیا کے خلاف ٹیسٹ اور ایک روزہ میچوں کی سیریز کے لیے روانہ ہوگی۔

یاد رہے کہ 36 سالہ محمد حفیظ کا باؤلنگ ایکشن نومبر 2014 میں دوسری بار مشکوک رپورٹ ہوا تھا جس کے بعد وہ باؤلنگ مسائل کا شکار ہیں۔

محمدحیفظ کے باؤلنگ ایکشن کو ٹیسٹ کے بعد غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 2015 میں ان پر ایک سال کے لیے بین الاقوامی کرکٹ میں باؤلنگ کرنے پر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

پی سی بی نے انگلینڈ کے سابق کرکٹر کاؤل کرو کو حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کو درست کرنے کے لیے تعینات کیا تھا تاہم فٹنس مسائل کے باعث وہ انگلینڈ میں ٹیسٹ نہیں کروا پائے تھے۔

محمد حفیظ انجری مسائل کے باعث رواں سال دورہ انگلینڈ ادھورا چھوڑ کر واپس آئے تھے جس کے بعد انھیں ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے لیے ٹیم میں منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

پاکستان کرکٹ ٹیم اس وقت دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے لیے نیوزی لینڈ میں موجود ہے لیکن محمد حفیظ ٹیم کا حصہ نہیں ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں