کرائسٹ چرچ میں کیویز کے خلاف پاکستانی بیٹنگ ناکام

اپ ڈیٹ 18 نومبر 2016
ڈی گرینڈہوم نے اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو: اے ایف پی
ڈی گرینڈہوم نے اپنے کیریئر کے پہلے ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کیں —فوٹو: اے ایف پی

کرائسٹ چرچ: نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستانی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم 133 رنز پر ڈھیر ہو گئی جس کے جواب میں کیویز نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کر لی ہے۔

ہیگلی اوول گراؤنڈ میں میزبان نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پاکستان کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، اظہر علی اور سمیع اسلم نے پراعتماد آغاز کیا اور ابتدائی ایک گھنٹے میں کوئی وکٹ نہ گرنے دی۔

تاہم پراعتماد آغاز کے بعد پاکستانی ٹاپ آرڈر بکھر گیا اور 53 رنز پر ایک وکٹ گنوانے والی ٹیم 56 رنز تک پہنچتے پہچنتے 4 وکٹیں گنوا چکی تھی۔

پاکستانی ٹیم مصباح الحق کے ایک اینڈ پر ڈٹے رہنے کے باوجود سنبھل نہ سکی اور 133 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔

نیوزی لینڈ کے ڈی گرینڈ ہوم (سب سے آگے) نے پاکستان کے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—۔فوٹو/ بشکریہ کرک انفو
نیوزی لینڈ کے ڈی گرینڈ ہوم (سب سے آگے) نے پاکستان کے 6 بلے بازوں کو آؤٹ کیا—۔فوٹو/ بشکریہ کرک انفو

کپتان مصباح الحق 31 رنز کے ساتھ ٹاپ اسکورر رہے جبکہ پاکستان کی جانب سے صرف سمیع اسلم، اظہر علی اور اسد شفیق ڈبل فیگرز تک پہنچ سکے۔

نیوزی لینڈ کے ڈی گرینڈ ہوم نے اپنے پہلے ہی ٹیسٹ میں 6 وکٹیں حاصل کرکے نیا ملکی ریکارڈ قائم کردیا ۔

جواب میں پاکستان نے نیوزی لینڈ کی پہلی 3 وکٹیں 40 کے اسکور تک حاصل کرلیں، اس موقع پر ڈیبیو کرنے والے ایک اور کیوی کھلاڑی اوپنر جیت روال بھی پاکستان کیلئے وبال جان بن گئے اور ناقابل شکست نصف سنچری بنانے کے ساتھ ساتھ ہینری نکولس کے ساتھ شراکت کے ذریعے نیوزی لینڈ کی پوزیشن کر دی۔

دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے 3 وکٹوں کے نقصان پر 104 رنز بنائے، اس طرح میزبان ٹیم پاکستان سے اب صرف 29 رنز کی دوری پر ہے اور اس کی 7 وکٹیں باقی ہیں۔

مزید پڑھیں:پاک-نیوزی لینڈ ٹیسٹ کا پہلا دن بارش کی نذر

گذشتہ روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ کا پہلا دن بارش کی نذر ہوگیا تھا، مسلسل بارش کی وجہ سے کرائسٹ چرچ میں ایک گیند بھی نہ پھینکی جاسکی اور پہلے دن کا کھیل منسوخ کردیا گیا۔

عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر فائز پاکستان نے ٹیسٹ کرکٹ میں نیوزی لینڈ کے خلاف 30 سال سے زائد عرصے سے بالادستی قائم کر رکھی ہوئی ہے اور کیویز اس عرصے میں کسی بھی ٹیسٹ سیریز میں پاکستانی ٹیم سے فتح نہ چھین سکے۔

نیوزی لینڈ نے آخری مرتبہ 1985 میں پاکستان کے خلاف سیریز میں فتح حاصل کی تھی لیکن اس کے بعد کامیابی ان سے روٹھ گئی اور پاکستان نے پانچ ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی جبکہ تین ٹیسٹ سیریز ڈرا ہوئیں۔

یہ بھی پڑھیں: کرائسٹ چرچ میں مشکل وکٹ پاکستانی ٹیم کی منتظر

یہ ٹیسٹ میچ قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق کے لیے بھی یادگار ہے جن بطور کپتان ٹیسٹ کرکٹ میں 50 واں ٹیسٹ میچ ہے اور وہ یہ اعزاز حاصل کرنے والے دنیا کے 16 ویں کپتان ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Qalam Nov 18, 2016 03:41pm
پاکستانی ٹیم کا امتحان شروع ھے پہلی پوزیشن کو برقرار رکھنا بہت محنت طلب کام ھے دیکھیں اگلے دن کیا رزلٹ لاتے ھیں۔