کراچی: چیف سلیکٹر انضمام الحق بھی نیوزی لینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی ناقص کارکردگی پر مایوس دکھائی دیے۔

کراچی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے چیف سلیکٹر انضمام الحق نے کہا کہ ٹیم سے اچھی کارکردگی کی امید تھی، کھلاڑیوں نے اچھا پرفارم نہیں کیا۔

تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی ٹیم نیوزی لینڈ کےخلاف سیریز میں کم بیک کرے گی، نیوزی لینڈ کی وکٹیں مختلف ہیں، ٹیم کو تھوڑا وقت دینا چاہیئے، اتنی جلدی تبدیلی کی بات نہیں کرنی چاہیے، گزشتہ چند ماہ سے یہی ٹیم اچھی پرفارمنس دے رہی ہے۔

مزید پڑھیں: نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان مشکلات کا شکار

انضمام الحق نے خبردار کیا کہ ’جو کھلاڑی مسلسل ناکام ہورہے ہیں انہیں تبدیل کیا جائے گا، ضرورت پڑی تو حفیظ کو شامل کرسکتے ہیں‘۔

ٹیم میں تبدیلی کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ ’ابھی ٹیم میں تبدیلی کے بارے میں بات نہیں کروں گا‘۔

انہوں نے ٹیم میں شامل سینئر کھلاڑیوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ سینیئر کھلاڑی بھی انسان ہیں،اگر 6 سال سے وہ شارجہ یا ابوظہبی کی وکٹوں پر کھیلتے رہیں گے تو انہیں مشکل ضرور پیش آئی گی، یہاں کی وکٹیں بالکل مختلف ہیں لہٰذا سینئر ہو یا جونیئر انہیں تھوڑا وقت دینا چاہیے۔

یہ بھی پڑھیں: 17 نومبر کو حفیظ کا باؤلنگ ایکشن برسبین میں

آل راؤنڈر محمد حفیظ کے باؤلنگ ایکشن کے حوالے سے انضمام الحق نے کہا کہ سب کی کارکردگی کو دیکھا جارہا ہے، اگر ضرورت محسوس ہوئی تو حفیظ کو شامل کریں گے۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ محمد حفیط بولنگ ایکشن ٹیسٹ میں کامیاب ہوجائیں گے تاہم اگر وہ کامیاب نہیں بھی ہوئے اور ٹاپ آرڈر میں سینئر بیٹسمین کی ضرورت پڑی تو انھیں شامل کیا جاسکتا ہے۔

واضح رہے کہ کرائسٹ چرچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کو مشکلات کا سامنا ہے، تیسرے روز کھیل کے اختتام پر پاکستان نے 7 وکٹوں کے نقصان پر 129 رنز بنائے جبکہ اسے نیوزی لینڈ پر محض 62 رنز کی برتری حاصل ہے۔

پہلی اننگز میں بھی پاکستان کی پوری ٹیم محض 133 رنز بناکرآؤٹ ہوگئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں