اسلام آباد: جنرل قمر جاوید باجوہ نے پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے پہلی ملاقات کی۔

دونوں رہنماؤں نے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

آرمی چیف کی صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم نواز شریف سے الگ الگ ملاقاتوں میں قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر ممنون حسین نے آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کو ملک میں مکمل امن کے لیے نیشنل ایکشن پلان پر عمل جاری رکھنے کی ہدایت کی۔

مزید پڑھیں:ایل اوسی پر بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دیا جائے، آرمی چیف

صدر پاکستان کا کہنا تھا کہ آپریشن ضرب عضب کو بھی مقاصد کے حصول تک جاری رکھا جائے۔

انہوں نے جنرل قمر باجوہ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ دفاع وطن کے سلسلے میں قوم کی توقعات پر پورا اتریں گے۔

29 نومبر 2016 کو پاک فوج کی کمان سنبھالنے کے بعد یہ آرمی چیف جنرل قمر باجوہ کی صدر اور وزیراعظم سے پہلی ملاقات تھی۔

چینی فوج کے کمانڈر کی نئے آرمی چیف سے ملاقات

بعد ازاں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے چینی فوج کے کمانڈر جنرل ژاؤ ژونگ چی سے راولپنڈی میں ملاقات کی جس میں خطے کی سیکیورٹی کی صورتحال اور دو طرفہ دلچسپی کے امور پر خیالات کا تبادلہ کیا گیا۔

چینی فوج کے کمانڈر کی نئے آرمی چیف سے ملاقات — فوٹو: آئی ایس پی آر.
چینی فوج کے کمانڈر کی نئے آرمی چیف سے ملاقات — فوٹو: آئی ایس پی آر.

عوامی جمہوریہ چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے ویسٹرن تھیٹر کے کمانڈر جنرل ژاؤ ژونگ چی نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمرجاوید باجوہ سے جنرل ہیڈکوارٹر (جی ایچ کیو) میں ملاقات کرکے پاک فوج کی قیادت سنبھالنے پر مبارکباد دی۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق اس موقع پر دونوں کے درمیان دو طرفہ دلچسپی کے امور اور خطے میں سلامتی کی صورتحال پر بھی بات چیت کی گئی۔

مہمان جنرل نے دہشت گردی کے خلاف پاک فوج کی کامیابیوں اور خطے میں امن و استحکام کی کوششوں کو سراہا، اس موقع پر جنرل قمر باجوہ نے چینی جنرل کو سی پیک کی سیکیورٹی فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔

اس سے قبل چینی جنرل کو جی ایچ کیو آمد پر پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا، چینی جنرل ژاؤ ژونگ چی نے پاکستانی شہداء سے اظہار عقیدت کیا اور یاد گار پر پھول چڑھائے۔

تبصرے (0) بند ہیں