مستقبل کا ہیواوے اسمارٹ فون آنر میجک متعارف

18 دسمبر 2016
ہیواوے آنر میجک — فوٹو بشکریہ ہیواوے
ہیواوے آنر میجک — فوٹو بشکریہ ہیواوے

اگر چینی موبائل فون کمپنیوں کی بات کی جائے تو ہیواوے چند بڑے ناموں میں سے ایک ہے اور اس نے اپنا مستقبل کا اسمارٹ فون آنر میجک متعارف کرادیا ہے۔

ہیواوے کا یہ اسمارٹ فون 5 انچ کی امولیڈ اسکرین کے ساتھ ہے جس میں بارہ میگا پکسل کا ڈوئل لینس کیمرہ بیک اور فرنٹ پر آٹھ میگا پکسل کا کیمرہ دیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ 6 آپریٹنگ سسٹم کے ساتھ اس میں ہیواوے کا اپنا کیرن 950 پروسیسر ہے جبکہ 2900 ایم اے ایچ بیٹری، چار جی بی ریم اور 64 جی بی اسٹوریج جیسے فیچرز بھی موجود ہیں۔

چینی کمپنی نے فنگر پرنٹ سنسر، پراکس میٹی سنسر، لائٹ سنسر، کمپاس اور دیگر فیچرز سے بھی لیس کیا ہے۔

اس کا بیک کیمرہ بھی خاص ہے جس میں ایک کلر اور دوسرا مونو کروم کا کام کرتا ہے اور انتہائی شاندار تصاویر بنتی ہیں۔

سب سے خاص بات یہ ہے کہ اس فون کو صارف کے علاوہ کوئی استعمال ہی نہیں کرسکتا جس کے لیے فون فریم میں موجود سنسر اور فرنٹ کیمرے میں موجود انفراریڈ سنسر صارف کے ہاتھوں اور آنکھوں کی شناخت کرنے کے بعد ہی اسکرین کو آن کرتا ہے، دوسرا کوئی شخص اسے استعمال نہیں کرتا۔

اس فیچر کے باعث فون کو نوٹیفکیشن اسی وقت ظاہر کرنے پر مجبور ہوتا ہے جب اس کا مالک ڈیوائس کو ہاتھ میں لیتا ہے۔

یہی وجہ ہے کہ کمپنی نے فون کو میجک کا نام دیا ہے جبکہ اس میں میجک لائیو کے نام سے ایک اضافی سافٹ ویئر بھی ہے جو کہ آرٹی فیشل انٹیلی جنس کے مخصوص ٹاسکس کے لیے ہے۔

کمپنی کے دعوﺅں کو دیکھا جائے تو یہ کہا جاسکتا ہے کہ اس فون میں جو فیچرز دیئے گئے ہیں وہ اس وقت سام سنگ یا ایپل کے فونز میں بھی دستیاب نہیں جبکہ اس کی قیمت بھی آئی فون یا گلیکسی ایس سیریز کے مقابلے میں کافی کم ہے۔

کمپنی نے اس کی قیمت 530 ڈالرز (55 ہزار پاکستانی روپوں سے زیادہ) رکھی ہے اور یہ فی الحال چین میں فروخت کے لیے پیش کیا جائے گا۔

تاہم توقع کی جاسکتی ہے کہ چین میں کامیابی کی صورت میں یہ دیگر ممالک میں بھی فروخت کے لیے متعارف کرایا جاسکتا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں