قتل کی دھمکی، طاہر شاہ پاکستان چھوڑ گئے

اپ ڈیٹ 22 دسمبر 2016
طاہر شاہ — فائل فوٹو
طاہر شاہ — فائل فوٹو

پاکستان کے نامور گلوکار اور اپنے منفرد گانوں سے شائقین کی توجہ حاصل کرنے والے طاہر شاہ کو قتل کی دھمکیاں موصول ہونے کی خبریں گردش کر رہی ہیں۔

ذرائع کے مطابق طاہر شاہ کو فون کال کے ذریعے نامعلوم افراد نے جان سے مارنے کی دھمکی دی، جس کے بعد گلوکار نے حکام سے سیکیورٹی کا مطالبہ بھی کیا، تاہم انہیں مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔

اور اب خبریں ہیں کہ طاہر شاہ اپنی جان کی حفاظت کی خاطر پاکستان چھوڑ کر کسی نامعلوم مقام پر منتقل ہوچکے ہیں۔

مزید پڑھیں: 'آئی ٹو آئی' کے بعد طاہر شاہ کا 'اینجل'

طاہر شاہ کے مینجر عفان نے بھی ان کے پاکستان کو چھوڑ کر جانے کی خبر کی تصدیق کی، تاہم اس حوالے سے طاہر شاہ کا کوئی بیان سامنے نہیں آیا۔

یہ بھی واضح نہ ہوسکا کہ طاہر شاہ کس ملک منتقل ہوئے ہیں.

یاد رہے کہ رواں سال انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی دو نامور شخصیات قندیل بلوچ اور امجد صابری کو بھی قتل کردیا گیا تھا۔

اس کے علاوہ گزشتہ ماہ لاہور سے تعلق رکھنے والی اسٹیج اداکارہ قسمت بیگ کو بھی گولیاں مار کر قتل کردیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: طاہر شاہ کے مداح ٹوئنکل کھنہ سے ناراض

اگر بات طاہر شاہ کے حوالے سے کی جائے تو انہیں شہرت اس وقت ملی جب ان کا گانا ’آئی ٹو آئی‘ سوشل میڈیا پر وائرل ہوا، اس گانے پر جہاں کئی لوگوں طاہر شاہ پر تنقید کی وہیں کچھ نے انہیں سراہا۔

طاہر شاہ نے پاکستان کے کئی نامور شوز میں بھی شرکت کی، حال ہی میں ان کا ایک اور گانا ’اینجل‘ بھی ریلیز کیا گیا، جسے بھرپور پزیرائی ملی۔

طاہر شاہ نے اپنے منفرد گانوں سے صرف پاکستان میں ہی نہیں بلکہ دنیا بھر میں شہرت حاصل کی، بولی وڈ اداکار رنویر سنگھ اور ورن دھون نے بھی ان کے گانوں کی نقل میں ویڈیوز جاری کیں۔

تبصرے (0) بند ہیں