اسلام آباد: تکنیکی خرابی کے باعث ملک کے کئی شہروں میں پی ٹی سی ایل اور موبائل سروس متاثر ہوئی، جسے کئی گھنٹے بعد بحال کردیا گیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن کمپنی لمیٹڈ (پی ٹی سی ایل) حکام نے کہا کہ تکنیکی خرابی آپٹک فائبر کے منقطع ہونے کے باعث پیدا ہوئی جو بلوچستان اور کراچی میں 4 مقامات پر منقطع ہوئی۔

حکام کا کہنا تھا کہ کراچی میں آپٹک فائبر گلشن حدید اور نوری آباد کے علاقوں میں منقطع ہوئی، جبکہ بلوچستان میں آپٹک فائبر اوتھل، حب، خضدار اور سوراب کے درمیان منقطع ہوئی۔

یہ بھی پڑھیں: کیبل فالٹ، انٹرنیٹ سُست

پی ٹی سی ایل کے جنرل منیجر کمیونیکیشنز عمران جنجوعہ نے تکنیکی خرابی کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ تکنیکی نقص سے ملک کے کئی شہروں میں ڈیٹا سروس متاثر ہوئی۔

ان کا کہنا تھا کہ خرابی کی نوعیت کو جاننے اور سسٹم کی بحالی کے لیے ٹیمیں روانہ ہوچکی ہیں، جبکہ چند گھنٹوں میں پی ٹی سی ایل سروس بحال کردی جائے گی۔

موبائل فون سروس معطل ہونے کے حوالے سے پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے عہدیدار کا کہنا تھا کہ تکنیکی خرابی کے باعث ’یوفون‘ کمپنی موبائل فون سروس متاثر ہوئی۔

بعد ازاں مرمتی کام کے بعد فون اور انٹرنیٹ سروس مکمل طور پر بحال کردی گئی۔

تبصرے (0) بند ہیں