عرفان کی وطن واپسی، جنید اسکواڈ میں شامل

اپ ڈیٹ 09 جنوری 2017
محمد عرفان ابتدائی دو ون ڈے میچ نہیں کھیل پائیں گے— فائل فوٹو اے ایف پی
محمد عرفان ابتدائی دو ون ڈے میچ نہیں کھیل پائیں گے— فائل فوٹو اے ایف پی

برسبین: پاکستانی فاسٹ باؤلر محمد عرفان کی والدہ انتقال کر گئی ہیں جس کے سبب وہ آسٹریلیا کیخلاف ون ڈے سیریز کے آغاز سے پہلے وطن واپس لوٹ رہے ہیں اور قومی ٹیم مینجمنٹ نے جنید خان کو متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

پی سی بی کی ٹیم مینجمنٹ کے مطابق عرفان پہلی دستیاب فلائیٹ سے برسبین سے لاہور روانہ ہورہے ہیں اور سیریز کے کم از کم پہلے دو ون ڈے میں شریک نہیں ہوں گے۔

عرفان اس سے قبل انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے انگلینڈ گئے تھے لیکن سیریز کے واحد میچ کھیل کر انجری کے باعث وطن واپس لوٹ گئے تھے۔

لیکن حالیہ قائد اعظم ٹرافی نے 34 سالہ طویل القامت فاسٹ باؤلر نے 150 سے زائد اوورز کیے اور اپنی ٹیم واپڈا کو پہلی مرتبہ چیمپیئن بننے میں مدد فراہم کی۔

اس کارکردگی کو دیکھتے ہوئے سلیکٹرز نے آسٹریلیا کے خلاف ایک روزہ میچوں کی سیریز کیلئے عرفان کو سیریز کا حصہ بنایا تھا۔

عرفان کل وطن واپس پہنچیں گے اور ان کی والدہ کی تدفین گگو منڈی میں کی جائے گی۔

یاد رہے کہ چار ماہ قبل ستمبر میں عرفان کے والد بھی انتقال کر گئے تھے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ اور سلیکشن کمیٹی نے والدہ کے انتقال پر محمد عرفان سے تعزیت کرتے ہوئے جنید خان کو متبادل کے طور پر اسکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔

جنید خان نے حالیہ ڈومیسٹک ون ڈے ٹورنامنٹ کے ساتھ ساتھ بنگلہ دیش پریمیئر لیگ میں بی عمدہ کارکردگی دکھائی تھی اور ٹی20 لیگ میں وہ 20وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔

جنید خان پہلی دستیاب فلائٹ سے آسٹریلیا روانہ ہو جائیں گے۔

پاکستانی اسکواڈ میں اس وقت وہاب ریاض، محمد عامر اور راحت بھی موجود ہیں جبکہ واحد دائیں ہاتھ کے فاسٹ باؤلر حسن علی ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں