جنوبی افریقہ کا سری لنکا کوٹیسٹ میں وائٹ واش

14 جنوری 2017
جنوبی افریقہ نے سیریزکے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سری لنکا کو وائٹ واش کردیا—فوٹو: اے ایف پی
جنوبی افریقہ نے سیریزکے تینوں میچوں میں کامیابی حاصل کرکے سری لنکا کو وائٹ واش کردیا—فوٹو: اے ایف پی

جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو جوہانسبرگ ٹیسٹ کے تیسرے روز ایک اننگز اور 118 سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز میں وائٹ واش کردیا۔

سری لنکا نے سیریز کے آخری میچ کے تیسرے روز کھیل کا آغاز کیا تو پہلی اننگز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے اور انھیں 346 رنز کے خسارے کا سامنا تھا۔

کپتان اینجیلو میتھیوز اور دنیش چندی مل اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے اور پوری ٹیم پہلی اننگز میں 131 رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔

کوسل مینڈس 41 رنز بنا کر پہلی اننگز کے نمایاں بلے باز تھے جبکہ اپل تھرنگا 24 رنز بنا سکے، میتھیوز 19 اور سلوا 13 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔

مزید پڑھیں: تیسرا ٹیسٹ:جنوبی افریقہ کی سری لنکا پر برتری

جنوبی افریقہ کی جانب سے ورنن فلینڈر اور کگیسو رابادا نے 3،3 جبکہ پارنل اور اولیور نے 2،2 وکٹیں حاصل کیں۔

میزبان ٹیم نے 295 رنز کی برتری کا فائدہ اٹھاتے ہوئے سری لنکا کو فالوآن کروایا۔

سری لنکا کا دوسری اننگز میں بھی آغاز اچھا نہیں تھا اور پہلی وکٹ صرف 2 رنز پر گری جب کوسل سلوا صفر پر رابادا کا شکار بنے جس کے بعد دوسری وکٹ پہلی اننگز میں 41 رنز بنانے والے مینڈس کی صورت گری جو 24 رنز بنا کر 39 کے مجموعے پر پویلین لوٹ گئے۔

یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کی سری لنکا کو پہلے ٹیسٹ میں شکست

اوپنر کرونارتنے نے 50 رنز کی اننگز کھیل کر کچھ مزاحمت کی کوشش کی لیکن دوسرے اینڈ سے کوئی اور بلےباز ان کا ساتھ دینے کو تیار نظر نہیں آیا جس کےبعد وہ بھی ہمت ہار گئے۔

میتھیوز 10، چندی مل 10 اور تجربہ کار بلےباز تھرنگا 26 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے تو سری لنکا پر ایک اننگز سے شکست کے آثار واضح ہوچکے تھے۔

سرنگا لکمل نے آخری لمحات میں 31 رنز بنا کر تجربہ کار بلے بازوں پر سبقت لے جانے کی کوشش کی لیکن پارنل نے ان کی اننگز کا خاتمہ کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کو شاندار کامیابی دلادی۔

مزید پڑھیں: کیپ ٹاؤن ٹیسٹ: جنوبی افریقہ 282 رنز سے کامیاب

سری لنکا کی پوری ٹیم دوسری اننگز میں 177 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی اور میچ میں 118 اور ایک اننگز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

وین پارنل نے سب سے زیادہ 4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اپنا پہلا ٹیسٹ میچ کھیلنے والے اولیور نے دوسری اننگز میں 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کرکے میچ میں مجموعی طورپر 5 وکٹیں حاصل کرلیں۔

جنوبی افریقہ نے اس کامیابی کے ساتھ ہی سری لنکا کو سیریز میں وائٹ واش بھی کردیا۔

جے پی ڈومینی کو شاندار بلے بازی پر میچ کا بہترین کھلاڑی اور ڈین ایلگر کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

قبل ازیں میزبان جنوبی افریقہ نے سری لنکا کو سیریز کے پہلے ٹیسٹ میں 206 اور دوسرے ٹیسٹ میچ میں 282 رنز سے شکست دے کر سیریز اپنے نام کرلی تھی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں