بولی وڈ فلموں کی جلد پاکستانی سینماؤں میں واپسی

17 جنوری 2017
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات سے  انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر ہوئی—۔
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدہ تعلقات سے انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر ہوئی—۔

گذشتہ برس اکتوبر کی بات ہے جب پاکستانی سینما مالکان نے پاک-ہندوستان کشیدگی کے تناظر میں انڈین فلموں کی نمائش پر پابندی کا اعلان کیا تھا، تاہم لگتا ہے کہ جلد ہی یہ پابندی ختم کردی جائے گی۔

وزیراعظم نواز شریف نے وزیر مملکت برائے اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب کی سربراہی میں ایک کمیٹی تشکیل دے دی ہے، جو بولی وڈ فلموں کی پاکستانی سینماؤں میں نمائش پر غور کرے گی، جس کے باعث امید ہے کہ ہندوستانی فلموں کی سینما گھروں میں جلد نمائش کا سلسلہ شروع کردیا جائے گا۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کمیٹی کے دیگر ارکان میں وزیراعظم کے مشیر برائے قومی تاریخ اور ادبی ورثہ عرفان صدیقی بھی شامل ہیں۔

پاکستان فلم ایسوسی ایشن کی جانب سے ہندوستانی فلموں کی نمائش پر پابندی کا فیصلہ اُس وقت سامنے آیا تھا جب انڈین فلم ایسوسی ایشن نے پاکستانی فنکاروں پر ہندوستان میں کام کرنے پر پابندی لگادی تھی۔

مزید پڑھیں: پاکستانی سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی

واضح رہے کہ گذشتہ برس ستمبر میں ہونے والے اوڑی حملے کے بعد سے ہندوستان اور پاکستان کے درمیان تعلقات کشیدہ ہوگئے تھے، جس کے باعث دونوں ممالک کی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری سب سے زیادہ متاثر ہوئی۔

ہندوستان میں پاکستانی فنکاروں کو دھمکیاں موصول ہونے کے ساتھ ہی ان پر پابندی عائد کردی گئی تھی، دوسری جانب پاکستان میں بھی پیمرا نے ہندوستانی ٹی وی چینلز اور ڈراموں پر پابندی لگادی تھی۔

تبصرے (2) بند ہیں

Anwar AMJAD Jan 17, 2017 10:18pm
Indian movies should not be allowed in Pakistan until they lift ban on Pakistani actors and singers.
زیدی Jan 17, 2017 10:38pm
کیا کشمیر میں ظلم ختم ہوگیا !!!!!!