پاکستانی نژاد ریسلر مصطفیٰ علی کے نام ایک اور اعزاز

24 جنوری 2017
مصطفیٰ علی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای
مصطفیٰ علی — فوٹو بشکریہ ڈبلیو ڈبلیو ای

ڈبلیو ڈبلیو ای کی تاریخ میں پہلی بار ایک پاکستانی ریسلر کو اس کمپنی کے فلیگ شپ شو را میں ایکشن کا موقع ملا اور وہ کامیابی حاصل کرنے میں کامیاب رہا۔

پاکستانی نژاد امریکی ریسلر مصطفیٰ علی ڈبلیو ڈبلیو ای کے ایک نئے ریسلنگ پروگرام 205 لائیو کا حصہ ہیں جس میں ان کے مقابلے نشر ہوتے رہتے ہیں مگر گزشتہ شب انہیں پہلی بار فلیگ شپ شو را میں سکس مین ٹیگ ٹیم میچ کے ذریعے ڈیبیو کا موقع ملا۔

اس مقابلے میں مصطفیٰ علی کی ٹیم میں ٹی جے پرکنز اور جیک گالیر شامل تھے اور ان کا مقابلہ ڈریو گولاک، ٹونی نیس اور آریہ دیواری سے ہوا۔

اپنے ڈیبیو میچ میں مصطفیٰ علی نے را میں زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کیا اور پرستاروں کو متاثر بھی کیا۔

مصطفیٰ نے اپنے مخصوص داﺅ 450 سپلیش کے ذریعے ڈریو گولاک کو چت کرکے کامیابی اپنے نام کی اور ماہرین کا کہنا تھا کہ اس مقابلے کے ذریعے ڈبلیو ڈبلیو ای نے آخرکار باصلاحیت مصطفیٰ علی کو پرستاروں کے سامنے متعارف کرا دیا ہے۔

شکاگو میں پیدا ہونے والے مصطفیٰ علی پاکستان سے تعلق رکھنے والے پہلے ریسلر ہیں جو ڈبلیو ڈبلیو ای کا حصہ بنے اور انہیں اس کمپنی کے نئے شو 205 لائیو کے لیے کنٹریکٹ دیا گیا۔

یہ نیا شو گزشتہ سال 29 نومبر کو شروع ہوا جس میں شرکت کرنے والے تمام ریسلرز کروزر ویٹ کیٹیگری سے تعلق رکھتے ہیں اور ان کا وزن بھی 205 پونڈز سے زیادہ نہیں ہوسکتا۔

اس شو کی تیسری قسط یعنی 13 دسمبر کو پرنس مصطفیٰ علی پہلی بار ایکشن میں نظر آئے جبکہ بعد جنوری کے شروع میں ایک شو میں انہوں نے اسرائیلی نژاد ریسلر نوم ڈار کو بھی شکست دی۔

مصطفیٰ علی ریسلنگ کی دنیا کے لیے نئے نہیں بلکہ ایک دہائی سے زائد عرصے تک امریکا بھر میں مقابلوں میں شریک ہوتے رہے ہیں۔

ایک انٹرویو کے دوران مصطفیٰ علی نے بتایا " ڈبلیو ڈبلیو ای میں لڑنا میرے لیے بہت اہمیت رکھتا ہے، یہ وہ خواب ہے جس کے ساتھ میں بڑا ہوا، اس کے لیے میں 13 برسوں سے کوشش کررہا تھا، اسی کے لیے میری ہڈیاں ٹوٹیں، متعدد تقریبات کو فراموش کیا، ڈبلیو ڈبلیو ای کے رنگ میں کھڑے ہونے کے لمحے کے جذبات بیان کرنے کے لیے میرے پاس الفاظ نہیں"۔

ان کا کہنا تھا " مجھے مسلمان اور پاکستانی ہونے پر فخر ہے، اور میں چاہتا ہوں کہ امریکا مجھے قبول کرے، میں اس حقیقت پر روشنی ڈالنا چاہتا ہوں کہ ہم سب ایک ہیں"۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں