سابق عالمی نمبر ایک ٹینس اسٹار اسپین کے رافیل نڈال نے سال کے پہلے گرینڈ سلیم آسٹریلین اوپن کے سیمی فائنل میں بلغارین کھلاڑی گریگر ڈیمتروف کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی۔

آسٹریلن اوپن کے فائنل میں رافیل نڈال اپنے سخت حریف سوئٹزرلینڈ کے روجر فیڈرر کے مدمقابل ہوں گے۔

رافیل نڈال اور گریگر کے درمیان سیمی فائنل میں قریب 5 گھنٹے تک مقابلہ رہا اور اعصاب شکن مقابلے کے بعد سابق عالمی نمبر ایک نے 6-3،5-7،7-6،6-7 اور 6-4 سے کامیابی اپنے نام کی۔

نڈال نے اس کامیابی پر خوشی کا اظہارکرتے ہوئے فیڈر کے خلاف نویں مرتبہ فائنل کو ایک 'اعزاز' قرار دیا، دونوں حریف فرنچ اوپن 2011 کے بعد پہلی مرتبہ کسی بڑے ٹورنامنٹ کے فائنل میں مدمقابل ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ 'میرا خیال ہے کہ یہ ہم دونوں کے لیے یہ ایک خاص چیز ہے کہ ایک دفعہ پھر ہم فائنل میں مدمقابل ہوں گے اور کچھ مسائل کا سامنا کرنے کے کچھ برسوں بعد مقابلہ کرنے کا موقع ہوگا'۔

مزید پڑھیں: فیڈرر، ولیمز سسٹرز آسٹریلین اوپن کے فائنل میں

سابق عالمی نمبر ایک نے کہا کہ 'میرے خیال سے ہم دونوں نے کبھی نہیں سوچا تھا کہ ہم یہاں ایک مرتبہ پھر آسٹریلین اوپن کے فائنل میں ہوں گے'۔

نڈال نے 2009 میں آسٹریلین اوپن کے فائنل میں روجر فیڈرر کو شکست دے کر چوتھی مرتبہ ٹائٹل حاصل کیا تھا جو ان کے کیریئر کا 21 واں ٹائٹل تھا۔

روجر فیڈرر اور نڈال کے درمیان اب تک ہونے والے فائنل مقابلوں کی بات کی جائے تو فیڈرر کو 6-2 کی برتری حاصل ہے۔

فیڈرر اور نڈال کے درمیان آسٹریلین اوپن 2017 کا فائنل اتوار کو کھیلا جائے گا۔

دوسری جانب مکسڈ ڈبلز کے مقابلوں میں ثانیہ مرزا اور کروشیا کے آئین ڈوڈگ نے میزبان جوڑی سمانتھا اسٹوسر اور سیم گروتھ کو شکست دے کر فائنل میں جگہ بنالی ہے۔

واضح رہے کہ خواتین کے سنگلز کے فائنل میں امریکا کی ولیمز سسٹرز کا مقابلہ ہوگا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں