نئی دہلی: ہندوستان کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں اس حوالے سے ریفرنڈم ہونا چاہیے کہ اس کے شہری وہاں رہنا چاہتے ہیں یا بھارت کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں۔

ریاست اتر کھنڈ کے شہر ہریدوار میں ایک عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے راج ناتھ سنگھ کا مزید کہنا تھا کہ 'کشمیر ہمیشہ سے ہندوستان کے ساتھ تھا اور اسی کا حصہ رہے گا'۔

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا 'اب پاکستان کشمیر پر ریفرنڈم چاہتا ہے، لیکن ایک چیز واضح ہے کہ کشمیر ہندوستان کے ساتھ تھا اور ہندوستان کے ساتھ ہی رہے گا اور کوئی بھی قوت اسے تبدیل نہیں کر سکتی، اس کے بجائے پاکستان میں ریفرنڈم ہونا چاہیے، جس میں پوچھا جائے کہ اس کے شہری اسی ملک میں رہنا چاہتے ہیں یا ہندوستان کے ساتھ انضمام چاہتے ہیں'۔

مزید پڑھیں:کشمیر کبھی پاکستان کا حصہ نہیں بن سکتا،سشما سوراج

ہندوستانی وزیر داخلہ نے تعلقات میں خرابی کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے کہا، 'میں پاکستان کو یہ بتانا چاہتا ہوں کہ ہندوستان ہمیشہ سے پر امن تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے لیکن یہ اسلام آباد ہی ہے جو ان تعلقات میں بگاڑ چاہتا ہے، انھیں دہشت گردوں اور ان لوگوں کو روکنا چاہیے جو کشمیر میں ریفرنڈم کا مطالبہ کر رہے ہیں'۔

ان کا مزید کہنا تھا 'ہم پاکستان کے ساتھ پر امن تعلقات چاہتے ہیں لیکن ان تمام بدنام سرگرمیوں کا ذمہ دار پاکستان ہی ہے'۔

یہ بھی پڑھیں:'اس دن کے منتظر ہیں جب کشمیر بنے گا پاکستان'

راج ناتھ سنگھ کا کہنا تھا کہ اب دنیا ہندوستان کو ایک کمزور (نرم) ملک کے طور پر شمار نہیں کرتی، 'سرجیکل اسٹرائیکس کے ذریعے ہم نے دنیا کو دکھا دیا ہے کہ ہم بھی مضبوط ایکشن لے سکتے ہیں، ہندوستان امن پسند ہے لیکن اب وہ کوئی کمزور (نرم) ملک نہیں ہے'۔

انھوں نے ہندوستان کے خلاف 'سازشیں' کرنے والے ممالک کو خبردار کرتے ہوئے کہا، 'اگر کسی نے ہمیں چھوا بھی تو ہم انھیں نہیں چھوڑیں گے'۔

یہ خبر 6 فروری 2017 کے ڈان اخبار میں شائع ہوئی

تبصرے (2) بند ہیں

Arshad Feb 06, 2017 02:35pm
Pakistan should respond in affirmative with a condition that same will be allowed in Held Kashmir by India. If either side says yes, it should go through under UN watch!
رحیم اللہ Feb 07, 2017 05:51pm
یاراں جہاں کہتے ہیں کہ کشمیر ہے جنت،جنت کسی کافر کو نہ ملا ہے نہ ملے گا۔