روسی سفیر سے رابطے کا انکشاف،ٹرمپ کے سیکیورٹی مشیر مستعفی

اپ ڈیٹ 14 فروری 2017
مائیکل فلن کو ٹرمپ کا اہم حمایتی سمجھا جاتا رہا ہے —فوٹو: رائٹرز
مائیکل فلن کو ٹرمپ کا اہم حمایتی سمجھا جاتا رہا ہے —فوٹو: رائٹرز

واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے قومی سلامتی کے مشیر مائیکل فلن نے امریکا میں تعینات روسی سفیر سے رابطے کے انکشاف کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا۔

برطانوی خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق مائیکل فلن نے یہ استعفیٰ ٹرمپ کے عہدہ صدارت سنبھالنے سے قبل روس کے ساتھ معلومات کے تبادلے کی اطلاعات منظرعام پر آنے کے بعد جمع کرایا۔

واضح رہے کہ مشیر سلامتی امور مائیکل فلن کی جانب سے امریکی نائب صدر مائیک پینس کو اس بات کا یقین دلایا گیا تھا کہ انہوں نے کبھی روسی انتظامیہ سے روس پر عائد امریکی پابندیوں کو اٹھانے سے متعلق تبادلہ خیال نہیں کیا، تاہم بعد ازاں اس بات کا انکشاف ہوا کہ وہ اس موضوع پر روسی سفیر سے بات کرچکے ہیں۔

مائیکل فلن کی جانب سے جمع کرائے گئے رسمی استعفے میں اس بات کو تسلیم کیا گیا کہ انہوں نے نائب صدر کو روسی سفیر سے ہونے والے ٹیلی فونک رابطے کی مکمل تفصیلات بیان نہیں کی تھیں اور وہ اس بات پر صدر اور نائب صدر سے معافی طلب کرچکے ہیں اور ان کی معافی کو تسلیم بھی کرلیا گیا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: امریکی وزارتِ خارجہ کے اہم افسران مستعفی

واضح رہے کہ ریٹائرڈ آرمی لیفٹننٹ جنرل مائیکل فلن شروع سے ہی ڈونلڈ ٹرمپ کے اہم حمایتی ہیں اور واشنگٹن کی پالیسیوں میں تبدیلی پر ڈونلڈ ٹرمپ کی حمایت کرتے رہے ہیں۔

مائیکل فلن کے استعفے کے بعد وائٹ ہاؤس میں قومی سلامتی کونسل کے سابق چیف آف اسٹاف ریٹائرڈ جنرل کیتھ کیلوگ کو قائم مقام قومی سلامتی مشیر مقرر کردیا گیا۔

وائٹ ہاؤس حکام کے مطابق مائیکل فلن کے استعفے سے خالی ہونے والے عہدے پر سی آئی اے کے سابق ڈائریکٹر ریٹائرڈ جنرل ڈیوڈ پٹریوس کو مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔

امریکی حکام کی فراہم کردہ معلومات میں اس بات کی تصدیق کی گئی ہے کہ ٹرمپ کے عہدہ سنبھالنے سے قبل اس وقت کی قائم مقام اٹارنی جنرل سیلی یئیٹس نے وائٹ ہاؤس کو آگاہ کیا تھا کہ انہیں اس بات کا یقین ہے کہ مشیر سلامتی امور روسی سفیر سے اپنے روابط کی گمراہ کن تفصیلات پیش کررہے ہیں۔

یاد رہے کہ بعد ازاں ٹرمپ کے متنازع ایگزیکٹیو آرڈر اور مسلم ممالک کے مسافروں کی امریکا آمد پر پابندی کی مخالفت کے نتیجے میں سیلی یئیٹس کو معطل کردیا گیا تھا۔

تبصرے (0) بند ہیں