'سیکیورٹی فورسز پی ایس ایل فائنل کومحفوظ بنائیں گی'

21 فروری 2017
شہریارخان کا کہنا ہے کہ پی   ایس ایل فائنل کے بعد غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی—فائل/فوٹو: اے ایف پی
شہریارخان کا کہنا ہے کہ پی ایس ایل فائنل کے بعد غیرملکی ٹیمیں بھی پاکستان آئیں گی—فائل/فوٹو: اے ایف پی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے چیئرمین شہریار خان کا کہنا ہے کہ سیکیورٹی کے حوالے سے دہشت گردوں کے سامنے گھٹنے نہیں ٹیکیں گے اور پی ایس ایل کا فائنل لاہور میں ہی ہوگا۔

قذافی اسٹیڈیم لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شہریار خان نے کہا کہ 'یہ پی سی بی کے لیے ایک بڑا قدم ہے اور یہاں پر فائنل کامیاب ہوا تو اس سے سب کو ایک پیغام جائے گا کہ یہاں پر حالات ٹھیک ہیں اورسیکیورٹی کا انتظام ہوسکتا ہے'۔

لاہور میں گزشتہ ہفتے ہونے والے دھماکے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ 'میرے خیال سے یہ سیکیورٹی فورسز کو ہدف بنا رہے ہیں تاہم یہاں سیکیورٹی رسک ہے اور اس سیکیورٹی رسک کو ہم دیکھیں گے لیکن ہمیں اس طرح کے بلیک میل پر اپنے گھٹنے نہیں ٹیکنے ہیں'۔

ان کا کہناتھا کہ 'مجھے یقین ہے کہ ہماری سیکیورٹی فورسز اس ایونٹ کو اور اس علاقے کو بالکل محفوظ بنادیں گی'۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان سپر لیگ کا فائنل لاہور میں ہو گا، حتمی فیصلہ

حکومت کی جانب سے اجازت کے حوالے سے ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ 'ہم نے حکومت سے کہا تھا اور انھوں نےمنع نہیں کیا ہے اس لیے ہم سمجھتے ہیں کہ باقاعدہ اجازت مل گئی ہے'۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ پی ایس ایل کے چیئرمین نجم سیٹھی دبئی میں موجود ہیں اور وہ وہاں غیر ملکی کھلاڑیوں کو لاہور میں فائنل کے لیے راضی کرنے کے لیے رک گئے ہیں'۔

شہریار خان نے غیرملکی کھلاڑیوں کی لاہور آمد کے لیے رضامندی پر کہنا تھا کہ 'میرے خیال سے 50 فی صد آنے کے لیے متفق ہیں اور ان کو یقین دلایا جارہا ہے کہ آپ اگر آئیں گے تو پوری وی آئی پی سیکیورٹی بلکہ وی وی آئی پی سیکیورٹی دی جائے گی'۔

پی سی بی نے گزشتہ روز ان تمام غیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری کی تھی جو رواں سیزن میں ایونٹ کا حصہ نہیں لیکن وہ فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے کو تیار ہیں۔

مزید پڑھیں:لاہور آنے کو تیارغیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

پی ایس ایل کا فائنل 5 مارچ کو لاہور میں کھیلا جائے گا جس کے لیے گراؤنڈ کو تیار کیا جارہا ہے اور فائنل سے قبل تمام تیاریوں کو حتمی شکل دی جائے گی۔

شہریار خان نے لاہور می پی ایس ایل کے انعقاد کے بعد غیرملکی ٹیموں کی پاکستان آمد کی امید کرتے ہوئے کہا کہ ' اس کے بعد امید ہے کہ یک دم تو نہیں لیکن آہستہ آہستہ بڑی ٹیمیں آنا شروع ہوں گی اس لیے میرا نقطہ نظرہے کہ یہ پاکستان کرکٹ اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے اہم ایونٹ ہے'۔

ٹکٹوں کی فراہمی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ ایک دو دن میں ہم اعلان کریں گے کہ ٹکٹ کہاں سے ملیں گے۔

یہ بھی پڑھیں: پی ایس ایل فائنل کے ٹکٹوں کی قیمت کیا ہے؟

پی سی بی کے ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹکٹوں کی فروخت آن لائن ہی ہوگی اور یہ سلسلہ آئندہ ایک دو روز میں شروع کر دیا جائے گا۔

پی سی بی ذرائع کے مطابق قذافی اسٹیڈیم میں مجموعی طور پر 25ہزار افراد کے بیٹھنے کی گنجائش ہے اور فائنل کا کم از کم ٹکٹ 500 روپے جبکہ زیادہ سے زیادہ 12ہزار روپے میں ملے گا۔

قذافی اسٹیڈیم میں 14 انکلوژر ہیں جہاں بیٹھ کر شائقین کرکٹ میچ دیکھ سکیں گے۔

عمران خان، فضل محمود، وسیم اکرم اور وقار یونس انکلوژر میں ٹکٹ کی قیمت 12000روپے ہو گی جبکہ جاوید میانداد، عبدالحفیظ کاردار اور راجہ انکلوژرز کے ٹکٹ 8000 روپے میں دستیاب ہوں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں