لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں منتخب

21 فروری 2017
ویسٹ انڈیز ٹیم، انگلینڈ کے خلاف 3 میچ کھیلے گی—فوٹو:ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میڈیا
ویسٹ انڈیز ٹیم، انگلینڈ کے خلاف 3 میچ کھیلے گی—فوٹو:ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ میڈیا

ویسٹ انڈیز کرکٹ بورڈ نے انگلینڈ کے خلاف ایک روزہ سیریز کے لیے آل راؤنڈر مارلن سیموئلز کو ٹیم سے باہر کردیا ہے جبکہ پاکستان سپر لیگ کے فائنل کے لیے لاہور آنے کو تیار دوکھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب کرلیا ہے۔

مارلن سیموئلز نے 2016 میں متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے خلاف سیریز میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کی تھی جس کے بعد انھیں زمبابوے میں منعقدہ سہ فریقی سیریز کے لیے منتخب نہیں کیا گیا تھا۔

دائیں ہاتھ کے آف اسپنر سیموئلز کے باؤلنگ ایکشن کو ایک سال کی پابندی کے بعد حال ہی میں درست قرار دیتے ہوئے بین الاقوامی میچوں میں باؤلنگ کی اجازت دی گئی ہے۔

71 ٹیسٹ اور 187 ایک روزہ میچوں میں ویسٹ انڈیز کی نمائندگی کرنے والے 36 سالہ سیموئلز کے باؤلنگ ایکشن کو دسمبر 2015 میں غیرقانونی قرار دے کر پابندی عائد کردی گئی تھی۔

دوسری جانب سیریز کے لیے اعلان کردہ ٹیم میں دو کھلاڑی ایسے ہیں جو پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کا فائنل کھیلنے کے لیے لاہور آنے کو تیار ہیں۔

پی ایس ایل کے فائنل کے لیے لاہور آنے کو تیار کھلاڑی جو ویسٹ انڈیز ٹیم میں منتخب ہوئے ہیں ان میں میگوئیل کمنز اور جیسن محمد شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: لاہور آنے کو تیارغیرملکی کھلاڑیوں کی فہرست جاری

خیال رہے کہ ویسٹ انڈین کرکٹ بورڈ اور کھلاڑیوں کے درمیان اختلافات کےباعث کرس گیل سمیت کئی تجربہ کار کھلاڑیوں کو ٹیم میں منتخب نہیں کیا جارہا ہے جبکہ یہ کھلاڑی ٹی ٹوئنٹی لیگز میں شرکت کرنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

انگلینڈ کے خلاف سیریز میں سیموئلز کے علاوہ ڈیرن سیمی، کرس گیل، کیرون پولارڈ، سنیل نرائن اور براوو جیسے کھلاڑی ویسٹ انڈین ٹیم میں شامل نہیں ہیں۔

انگلینڈ اور ویسٹ انڈیز کی ٹیموں کے درمیان تین میچوں کی سیریز کے پہلے دومیچ 3 مارچ اور 5 مارچ کو انٹیگا میں کھیلے جائیں گے اور تیسرا میچ 9 مارچ کو بارباڈوس میں ہوگا۔

ویسٹ انڈیز کا 15 رکنی دستہ ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہوگا۔

جیسن ہولڈر(کپتان)، دیوندرا بشو، کارلوس بریتھویٹ، کریگ بریتھویٹ، جوناتھن کارٹر، میگوئیل کمنز، شین ڈاؤریچ، شینن گیبرئیل، شائی ہوپ، الزاری جوزف، ایون لیوس، جیسن محمد، ایشلے نرس، کیرون پاؤل، رومین پاؤل

تبصرے (0) بند ہیں