فلمی دنیا میں مشہور 89ویں اکیڈمی ایوارڈز (آسکرز) کی شاندار تقریب اتوار 26 فروری کو منعقد ہوئی، جہاں دنیا بھر سے تعلق رکھنے والی کئی معروف شخصیات نے شرکت کی۔

رواں سال کے آسکرز ایوارڈ میں کئی فلموں کو مختلف زمروں میں نامزد کیا گیا تھا اور کئی فلمیں اپنے نام یہ ایوارڈ کرانے میں کامیاب بھی رہیں، ساتھ ہی کئی معروف فنکاروں کو بھی اس ایوارڈ سے نوازا گیا۔

آسکرز ایوارڈ کے مکمل فاتحین کی فہرست مندرجہ ذیل ہے:

بہترین اداکارہ کا آسکر ایوارڈ ہولی وڈ اداکارہ ایما اسٹون کو دیا گیا، جنہوں نے فلم 'لا لا لینڈ' میں اپنی شاندار کارکردگی سے سب کا دل جیت لیا۔

ہولی وڈ اداکار کیسی ایفلک کو ان کی فلم 'مانچسٹر بائے دی سی' کے لیے بہترین اداکار کا ایوارڈ دیا گیا۔

بہترین معاون اداکار کا ایوارڈ اداکار مہرشالا علی نے اپنے نام کیا، جنہوں نے فلم 'مون لائٹ' میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔

جبکہ بہترین معاون اداکارہ کا ایوارڈ فلم 'فینسس' کی اداکارہ وائلا ڈیوس نے اپنے نام کیا۔

مزید پڑھیں: آسکر پیشگوئی: ایوارڈز کن فلموں کے نام رہیں گے

بہترین اینیمیٹڈ فیچر فلم کا ایوارڈ فلم 'ذوٹوپیا' کے حصے میں رہا، جبکہ سینمیٹوگرافی کا ایوارڈ ہولی وڈ کی کامیاب فلم 'لا لا لینڈ' نے اپنے قبضے میں کیا۔

فلم 'فنٹاسٹک بیسٹ اینڈ ویئر ٹو فائنڈ دیم' کو بہترین کاسٹیوم ڈیزائن کا ایوارڈ دیا گیا۔

اور ڈاکیومنٹری فیچر فلم کے زمرے میں 'او جے: میڈ اِن امریکا' نے آسکر ایوارڈ حاصل کیا، جبکہ فلم 'دی وائٹ ہیلمٹس' کو بہترین شارٹ ڈاکیومنٹری کا ایوارڈ ملا۔

ہولی وڈ فلم 'ہوکسو ریج' کو بہترین فلم ایڈیٹنگ کے آسکر ایوارڈ سے نوازا گیا۔

غیر ملکی زبان کی فلم کے زمرے میں نامزد فلم 'دی سیلز مین' نے آسکر ایوارڈ حاصل کیا۔

کسی بھی فلم اور اس کے اداکاروں کے لیے میک اَپ اور ہیئر اسٹائلنگ کا پرفیکٹ ہونا ضروری ہے اور اسی حوالے سے میک اپ اور ہیئر اسٹائلنگ کا ایوارڈ فلم 'سوسائیڈ اسکاڈ' کے حصے میں رہا۔

یہ بھی پڑھیں: آسکر ایوارڈ لینے والی تاریخ کی بہترین فلمیں

فلم 'لا لا لینڈ' نے میوزک میں بہترین اوریجنل اسکور کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جس کے ساتھ ساتھ اس فلم کے گانے 'سٹی آف اسٹارز' کو بھی ایوارڈ سے نوازا گیا۔

فلم 'لالا لینڈ' کو بہترین پروڈکشن ڈیزائن کے ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔

جبکہ شارٹ اینیمیٹڈ فلم کا ایوارڈ فلم 'پائپر' کو ملا۔

فلم 'سنگ' نے لائیو ایکشن شارٹ فلم کا ایوارڈ اپنے نام کیا، جبکہ فلم 'ارائیول' کو ساؤنڈ ایڈیٹنگ کا آسکر ملا۔

آسکر ایوارڈز میں ایڈاپٹڈ اسکرین پلے کا ایوارڈ فلم 'مون لائٹ' کے نام رہا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں